سرمایہ کاروں کو محفوظ کاروباری ماحول فراہم کیاجارہاہے ،چوہدری شفیق
لاہور( اپنے نامہ نگار سے)صوبائی وزیر صنعت و سرمایہ کاری چوہدری محمد شفیق نے کہا ہے کہ صنعتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پنجاب انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام جامع و منظم ون ونڈو اپریشن سسٹم شروع کیا جارہا ہے تاکہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے متعلقہ تمام سہولیات بہم پہنچائی جا سکیں۔ انہوں نے یہ بات کینال روڈ پر سوک سنٹر میں دو روزہ انٹرنیشنل کلر اینڈ کیمیکلز ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں چیئرپرسن ایکسپو ایونٹ رحیم چغتائی ‘ صدر چیمبر آف کامرس چوہدری محمد نواز ‘ نائب صدر سید ضیاء عملدار حسین ‘ چیئرمین ایپٹپما سعید شیخ اور بیرون ملک سے ڈائیز اینڈ کیمیکلز کے شعبہ سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ صوبائی وزیر صنعت نے اعلان کیا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹیٹ فیصل آباد میں پچاس ایکٹر اراضی پر سٹیٹ آف دی آرٹ ایکسپو سنٹرقائم کیا جائے گا جسے 2018ء تک مکمل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب سرمایہ کاروں کو محفوظ اور خوشگوار کاروباری ماحول فراہم کر رہی ہے اس ضمن میں متعدد انقلابی پالیسیاں متعارف کرائی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیروز گاری کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ افتتاحی تقریب سے انڈیا سے جوگیش پارے اور نیرج اگروال کے علاوہ ایکسپو کے منتظمین ‘ نائب صدر چیمبر آف کامرس ضیاء عملدار حسین ‘ چیئرمین ایپٹپما سعید شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق نے ایکسپو میں مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔