نظریہ اسلام سے بے وفائی پاکستان کے ساتھ غداری ہے، ساجد میر

نظریہ اسلام سے بے وفائی پاکستان کے ساتھ غداری ہے، ساجد میر

فیصل آباد(بیورورپورٹ)پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے۔ اس کی سا لمیت اور بقاء اسلا م سے وابستہ ہے۔ نظریہ اسلام سے بے وفائی دراصل پاکستان کے ساتھ غداری ہے، وہ لوگ جو پاکستان کی اصل شناخت کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔ اور وطن عزیز کو لبرل اور سیکولربنانے کا شوق رکھتے ہیں۔وہی کسی بھی طرح بھی پاکستان سے مخلص نہیں۔ پاکستان کے آئین اور دستور میں اس طرح کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ اور نہ ہی پاکستانی عوام اس بات کی اجازت دیں گے۔ جن کے اکابر اور خانداب نے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ پروفیسر ساجد میر امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے فضلاء جامعہ سلفیہ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ المیہ ہے کہ حکومت خود ایسے قوانین بنا رہی ہے جو اسلام سے متصادم ہیں۔ اور حقوق نسواں کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلام سب سے بڑھ کر خواتین کو حقوق دے رہا ہے۔ اور ان کے تحفظ کا ضامن ہے۔ اسلام کی موجودگی میں مزید کسی ایسے ضابطے کی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان کے ذرائع ابلاغ دن رات خلاف اسلام ماحول بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے علماء سے کہا کہ وہ پورے خلوص اور محنت سے اشاعت دین میں حصہ لیں۔ اور لوگوں کی صحیح اصلاح کریں۔ موجودہ فکری انتشار سے بچیں اور یکسو ہو کر دین کی خدمت کریں۔ آخر میں انہوں نے جامعہ سلفیہ کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ شاندار انتظامات کیے۔

مزید : علاقائی