معیشت کی مضبوطی کا راز زراعت،مینو فیکچرنگ اور ترسیلات میں پوشیدہ ہے،ندیم عظمت

معیشت کی مضبوطی کا راز زراعت،مینو فیکچرنگ اور ترسیلات میں پوشیدہ ہے،ندیم ...

لاہور(خبر نگار خصوصی) انجمن تاجران گڑھی شاہو لاہور کے رہنما ندیم عظمت نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی واقتصادی لحاظ سے مستحکم کرنے کیلئے آئی ایم ایف سے نجات حاصل کرکے ٹیکس چوری روکنا ہو گی ،پاکستانی معیشت کی مضبوطی کا راز تین اہم ترین شعبوں زراعت،مینو فیکچرنگ اور ترسیلات میں پوشیدہ ہے ان شعبوں کو مستحکم کر کے ہی شرح نمو بہتر بنائی جا سکتی ہے، ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے کے باعث عوام مارکیٹوں کا رخ کررہی ہے اور تاجربھی اپنے بچوں کا رزق کمانے کے قابل ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گذشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اپنے حلقے کی اہم مارکیٹ گڑھی شاہو کے تاجروں کو درپیش پارکنگ اور سکیورٹی مسائل سے نجات دلوانے کے ساتھ ساتھ مون سون کے دنوں میں ہونے والی بارشوں کے پانی سے چھٹکارادلوانے کیلئے مارکیٹ کے قریب 40 فٹ گہرا کنواں کھدواکرتاجروں کے اس مسئلے کو حل کریں۔

،پارکنگ کے مسئلے کے حل کیلئے ریلوے سے جگہ کرایہ پر لے کرپارکنگ بنادی جائے تو تاجروں کا یہ مسئلہ بھی حل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھربوں روپے ٹیکس کی ادائیگی کے باوجود عوام بجلی ،گیس سمیت دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ،ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود بے پناہ معدنی دولت سے مالا مال پاکستان اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے، ملک کو اندھیرے سے نجات دلانے اور آئی ایم ایف کے چنگل سے آزادی کیلئے کالا باغ ڈیم سمیت نئے آبی ذخائر کی تعمیر نا گریز ہے ، پاکستان چونکہ ایک زرعی ملک ہے زراعت کی ترقی کیلئے پانی انتہائی ضروری ہے لہذا مستقبل میں پا نی کی قلّت سے بچنے کیلئے کالا باغ ڈیم ،دیا مر،بھاشا،مہمند،اکھوڑی،بونجی،کرم تنگی،منڈا،داسو اور دیگر ڈیمز فوری تعمیر کیے جائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4