نیب پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پر نہیں مار سکتی، میر اعجاز جاکھرانی

نیب پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پر نہیں مار سکتی، میر اعجاز جاکھرانی

اسلام آباد(پ ر)سابق وفاقی وزیر صحت اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے رکن قومی اسمبلی میر اعجاز جاکھرانی نے کہا ہے کہ نیب پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں پر نہیں مار سکتی۔ سندھ ان کا آسان نشانہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں میر اعجاز خان جاکھرانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نیب کو آنکھیں دکھا رہے ہیں جبکہ عمران خان نے خیبرپختونخواہ میں نیب کا داخلہ ممنوع کر دیا ہے اس لئے نیب صرف پیپلزپارٹی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین گزشتہ چھ ماہ سے قید تنہائی میں ان کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں لایا گیا صرف میڈیا ٹرائل کے ذریعے انہیں ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔ سابق وزیر صحت نے کہا کہ ایک ملک میں دو قانون نہیں چل سکتے۔ نیب کو چاہیے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر اپنی پوزیشن کی وضاحت کرے۔ اس طرح وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہیے کہ ان کے پاس نیب کے لئے کوئی ثبوت ہیں تو قوم کے سامنے لائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور ڈاکٹر عاصم حسین کو نشانہ بنانے سے خود نیب کی ساکھ سوالیہ نشان بن گئی ہے۔

مزید : صفحہ آخر