صحت مند ذہن ہی صحت مند جسم کی تشکیل کرتا ہے، رفیق رجوانہ

صحت مند ذہن ہی صحت مند جسم کی تشکیل کرتا ہے، رفیق رجوانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ حکومت ملک میں مثبت سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور اس کی ترقی کے لئے کام کرنے والے اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مندانہ ماحول مہیا کرنے کے لئے موجودہ حکومت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جمخانہ کلب میں دو روزہ فرسٹ پاکستان گالف فیڈریشن لیڈیز امیجیور گالف چیمپئین شپ 2016 کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں چیئرمین لاہور جمخانہ کلب میاں مصباح الرحمان، ممبر کمیٹی آف مینجمنٹ آگا علی امام، وائس پریذیڈنٹ پی جی ایف میجر (ر) طارق سلیم اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صحت مند ذہن ہی صحت مند جسم کی تشکیل کرتا ہے اور حکومت ملک میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے مربوط حکمت عملی پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا دیگر شعبوں کی طرح کھیل کے میدان میں بھی ہماری خواتین بھر پور کردار ادا کررہی ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔ ۔تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب نے پاکستان گالف فیڈریشن لیڈیز امیجیور گالف چیمپئین شپ 2016 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور ان میں انعامات تقسیم کئے ۔ گورنر پنجاب نے ٹورنامنٹ کی فاتح کھلاڑی غزالہ یاسمین کو فرسٹ پاکستان گالف فیڈریشن لیڈیز امیجیور گالف چیمپئین شپ 2016کا کپ دیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب کو لاہور جمخانہ کلب کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔

مزید :

صفحہ آخر -