بچوں سے مشقت،فیکٹریوں اور کارخانوں میں چھاپوں کا فیصلہ

بچوں سے مشقت،فیکٹریوں اور کارخانوں میں چھاپوں کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( لیاقت کھرل) وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لئے چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کے لئے شکنجہ تیار کر لیا گیا ہے جس کے بعد چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔پہلے مرحلہ میں فیکٹریوں ، کارخانوں اور ورکشاپوں پر چھاپے مارے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلہ میں ہوٹلوں، موٹر سائیکل مکینک ، ہیئر ڈریسرزسمیت دیگر دوکانوں پر چھاپے مارے جائیں گے جس کے بعد بچوں سے جبری مشقت لینے والوں کے خلاف چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔ ’’پاکستان‘‘ کو باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں سے جبری مشقت مکمل ختم نہ ہونے سمیت فیکٹریوں ، کارخانوں، ورکشاپوں اور ہوٹلوں سمیت دوکانوں پر چائلڈ لیبر کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لیے چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان اور آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو خصوصی احکامات دئیے ہیں، جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لئے کریک ڈاؤن کرنے کے لئے خصوصی کمیٹیاں بنانے اور چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت بلاامتیاز کارروائی کرنے کا خصوصی حکم دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر لاہور میں چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لئے ٹاؤنز اور تھانوں کی سطح پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لئے ڈی سی او لاہور اور سی سی پی او لاہور کی نگرانی میں ضلعی حکومت کی سپیشل ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، جس میں محکمہ لیبر کے ڈی او لیبر سید حسنات جاوید سوشل سیکیورٹی لاہور کے ڈائریکٹر، لیبر افسروں ، سوشل سیکیورٹی انسپکٹروں اور متعلقہ ایس ایچ اوز سمیت محافظ فورس کے کمانڈوز بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے، جس کے بعد اینٹوں کے بھٹوں پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کی طرز پر چھاپے مارے جائیں گے۔ جبری مشقت لینے میں ملوث افراد کو موقع پر پولیس کے حوالے کیاجائے گا اور چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈی سی او لاہور سپیشل ٹیموں کے چیئرمین، سی سی پی او لاہور ، ڈی آئی جی آپریشن ، ڈائریکٹر لیبر سمیت 10 افسران کمیٹی کے ممبران ہوں گے جو کہ روزانہ کی بنیاد پر سپیشل ٹیموں کی چائلڈ لیبر کے خلاف ہونے والی کارروائی، کارکردگی اور مقدمات کے اندراج، پراسیکیوشن سمیت تمام امور کی ڈی سی او لاہور کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کے پابند ہوں گے جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کو کارروائی پر مبنی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر لیبر سید حسنات جاوید نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی پہلی ترجیح اور اس کے مکمل خاتمے کے لئے بلاامتیاز کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔