چیف جسٹس کا نظام کے حوالے سے موقف درست ہے،عوامی تحریک

چیف جسٹس کا نظام کے حوالے سے موقف درست ہے،عوامی تحریک

لاہور(خبر نگار خصوصی) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں نے چیف جسٹس آف پاکستان کے موقف کو زمینی حقائق کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے بڑی عدالت کے جج نے حکمرانوں کی گڈ گورننس کے چہرے سے نقاب اٹھایا،سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور،ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ اور جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے مشترکہ بیان میں کہاکہ جس نظام میں سپریم کورٹ کا چیف جسٹس تمام تر اخلاص،ایمانداری اور محنت کے باوجود کرپٹ انتظامیہ اور نا اہل مقننہ کو آئین و قانون کے دائرے میں نہ لا سکے اس نظام پر نظر ثانی ہی ملک اور قوم کے مفادمیں ہے اس ظالم نظام کی وجہ سے یہ بحث ہو رہی ہے کہ ہمیں موجودہ کرپٹ جمہوریت چاہیے یا ملک ؟،خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ جن خیالا ت کا اظہار چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کیا وہ 19کروڑ عوام کے دل کی آواز ہے،یہی باتیں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری ایک عرصہ سے کر رہے ہیں کہ 30سال سے جاری مک مکا کے جمہوری نظام نے حلال حرام کی تمیز ختم کر دی ہے ۔خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہاکہ جو حکومت عدالتی احکامات پر عمل نہ کرے اس کا اقتدار میں رہنا غیر آئینی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کا کراچی میں سیمینار سے خطاب در حقیقت موجودہ کرپٹ اور ظالم نظام کے خلاف چارج شیٹ ہے

مزید : میٹروپولیٹن 1