پاکستان کی ایک نسل قیادت پیدا کرنے میں ناکام ہو گئی ، خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑا ؛ چیف جسٹس

پاکستان کی ایک نسل قیادت پیدا کرنے میں ناکام ہو گئی ، خمیازہ ملک کو بھگتنا ...

 کراچی (این این آئی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے طا لب قائد اعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر عمل کرتے ہوئے آگے آئیں اور لیڈرشپ کا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے دورے دوران فیکلٹی ممبران، اسٹاف، طالب علموں اور دیگر اہم شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی کم سے کم ایک نسل پاکستان میں قیادت پیدا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے جس کا خمیازہ پاکستان کو بھگتنا پڑا اور ملک تعلیمی اور سماجی شعبے اور انفراسٹرکچر میں پیچھے رہ گیا۔ انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں دی جانے والی تعلیم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قائد اعظم کی مادر علمی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ مستقبل میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک اعلی مقام حاصل کریگا۔ چیف جسٹس نے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی شیخ نے سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی کے خوابوں کوعملی جامعہ پہناتے ہوئے آج اس ادارے کو یونیورسٹی کے درجہ تک پہنچایا ہے۔میں یہاں کا جناح میوزم دیکھ کراس سے بہت متاثر ہوا جہاں پر بابائے قوم اور دیگر قومی ہیروز کی یادگارز اور ان سے منسلک ریکارڈز کو سنبھال کر رکھا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ یہ ایس ایم آئی یو کے طالبعلموں کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے کہ وہ اس تاریخی ادارے میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جہاں سے قائد اعظم سمیت کئی عظیم لیڈز نے تعلیم حاصل کی۔ اسی طرح اس ادارے میں تعلیم حاصل کرنے والے موجودہ طالبعلموں پر اب یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ قائد اعظم کے نظریے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اس ملک کو ایک خوشحال ریاست بنائیں۔ وائس چانسلر ایس ایم آئی یو ڈاکٹر محمد علی شیخ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اپنی ایک سو تیس سالہ تاریخ میں قائد اعظم سمیت کئی نامور لیڈرز پیدا کرچکا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو شیلڈ اور اور دیگر تحائف پیش کیے۔ تقریب میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے طالبعلموں، فیکلٹی ممبرز، اسٹاف ، وکلأ، سوئس قاؤنصل جنرل اور روسی قونصل خانے کے حکام سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔اس سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں قائم جناح میوزم کا دورہ کیا اور وہاں پر سنبھال کر رکھی گئی تاریخی نوادرات کی تعریف کی۔

مزید : صفحہ اول