چھتیس گڑھ میں دھماکہ 2افراد ہلاک ، 10خودکش بمبار بھارتی گجرات میں داخل ہو گئے ، پاکستان نے خبردار کر دیا

چھتیس گڑھ میں دھماکہ 2افراد ہلاک ، 10خودکش بمبار بھارتی گجرات میں داخل ہو گئے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد،نئی دہلی(اے این این) مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے اپنے بھارتی ہم منصب اجیت دوول کو فون کر اطلاع دی ہے کہ بھارتی گجرات میں دہشت گردی کا خطرہ ہے،اس مقصد کیلئے 10خود کش بمبار ریاست میں داخل ہو چکے ہیں۔دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے ،اس اطلاع کے بعد پڑوسی ملک میں کھلبلی مچ گئی،گجرات کے تمام اضلاع میں ہائی الرٹ کردیا گیا۔اہم سرکاری اور دفاعی تنصیبات پر سکیورٹی میں اضافہ،عمارتوں پر فوج اور کمانڈوز کے دستے تعینات کر دئیے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلی بار دہشت گردی سے متعلق خفیہ معلومات کا تبادلہ ہوا ہے اور پاکستان کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے اپنے بھارتی ہم منصب اجیت دوول سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے بھارتی ریاست گجرات میں ممکنہ دہشت گردی سے متعلق اطلاع دی ہے۔ناصر جنجوعہ نے اجیت دوول کو بتایا ہے کہ 10خود کش بمبار بھارتی گجرات میں داخل ہو چکے ہیں جو کسی بھی تنصیب یا مقام کو نشانہ بنا سکتے ہیں ،ان دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے ۔ان اطلاعات کے بعد نیشنل سکیورٹی گارڈز کے دو سکواڈ گجرات کی طرف روانہ کیے گئے۔پاکستانی ہم منصب سے بات چیت کے بعد دوول نے گجرات میں اعلیٰ حکام سے بات کرکے حساس تنصیبات، عبادت گاہوں اور عوامی مقامات کی سکیورٹی سخت کرادی۔اہم یادگاروں اور مذہبی مقامات جیسا کہ سومناتھ مندر، دوارکا مندر، آکاشردھم , پاور پلانٹس، دفاعی تنصیبات ، ڈیمز وغیرہ کے مراکز پر سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔انٹیلی جنس اداروں کا خیال ہے اس کا مقصد ہندوؤں کا سالانہ مذہبی تہوار’ مہا شیواراتری‘ پربدنظمی اور افرتفری کی صورت حال پیدا کرناہے۔ شیواراتری تہوار(آج) پیر کو ہے۔ ریاست گجرات کے ڈائریکٹر جنرل پولیس پی سی ٹھاکرنے اس معاملے پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا اور تمام چھوٹے اور بڑے اضلاع میں الرٹ جاری کردیا۔ڈی جی پی نے مزید ہدایات دیتے ہوئے تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کی آئندہ احکامات تک چھٹیاں منسوخ کردیں،جس کا نوٹیفکیشن رات گئے جاری کیا گیا کہ رخصت پر پولیس افسران فوری طور پر ڈیوٹی دوبارہ شروع کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ہدایات کو بڑی سنجیدگی سے لیا گیا کیوں کہ ریاست میں دہشت گردی کا بہت زیادہ خطرہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فوراًپولیس افسران اور حکام کا اعلیٰ سطحی اجلاس سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ دریں اثناء پٹھانکوٹ میں بھارت کے ویسٹرن آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل کے جے سنگھ نے میڈیا کوبتایا تھا کہ انہیں آج سلامتی سے متعلق مسائل درپیش ہیں کیونکہ شیواراتری تہوار آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اطلاعات ہیں کہ گڑ بڑ ہونے والی ہے اس لئے اضافی اقدامات کیے ہیں، جب ان سے خفیہ اطلاعات کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کا کہا گیا تو انہوں نے انکار کر دیا اور کہا کہ اس طرح کے واقعات ذرائع ابلاغ میں ہیجان پیدا کرتے ہیں، کیونکہ پارلیمنٹ کا سیشن بھی جاری ہے اور اہم تہوار بھی قریب ہے۔

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو شہری جاں بحق اور ایک فوجی اہلکار زخمی ہوگیاجسے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چھتیس گڑھ کے ضلع ناریان میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کو اڑادیاگیاجس کی زدمیں آکر دوافراد مارے گئے ، یہ حملہ ماؤنوازباغیوں کی جانب سے کیاگیا۔

مزید :

صفحہ اول -