دوآمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے ، شہباز شریف

دوآمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان ...

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ ملک کی تاریخ کامنفرد اوربے مثال منصوبہ ہے ۔میٹرو ریل پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے لاکھوں شہریوں کوعالمی معیار کی باوقار سفری سہولتیں میسرآئیں گی۔اس عوامی منصوبے پربلاجواز تنقید کرنے والے دراصل عوام کو سہولتوں کی فراہمی کی مخالفت کررہے ہیں۔مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں ۔عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو غریب عوام کی محرومیوں کا خاتمہ برداشت نہیں۔میٹروبس سروس کے نظام پرتنقید کرنیوالوں کی زبانیں بھی منصوبے کی کامیابی پر بند ہوگئی ہیں اوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی مخالفت کرنیوالوں کی زبانیں بھی منصوبے کی تکمیل پر بند ہوجائیں گی۔فلاح عامہ کے منصوبوں کے مخالفین نہیں چاہتے کہ عوام خوشحال ہوں اور ملک ترقی کرے۔مٹھی بھرعناصرعام آدمی کی ترقی کی مخالفت کرتے رہیں،ہم عوامی خدمت کا بے لوث سفر جاری رکھیں گے اوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اوراسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے اور میٹرو بس سسٹم اور اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے وسائل عوام پر صرف کرنے کی اعلی مثالیں ہیں۔میٹروبس سروس آج کامیابی کے سفر گامزن ہے جس کی گواہی روزانہ لاکھوں افراد میٹروبسوں پر سفر کر کے خود دے رہے ہیں اورمیٹروبس سروس کے جدید نظام کے ذریعے روزانہ لاکھوں افراد بروقت اپنی منزل پر پہنچتے ہیں،بلاشبہ جدید میٹروبس سسٹم نے عوام کیلئے آمد و رفت میں آسانیاں پیداکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین پنجاب حکومت کا عوام کیلئے ایک اور شاندار تحفہ ہے۔جدید ذرائع نقل و حمل تیزرفتار ترقی کیلئے بنیادی ضرورت ہے ۔صوبے میں ترجیحی بنیادوں پر ذرائع آمدورفت کو بہتر کیا جارہا ہے ۔ پنجاب حکومت عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین معیاری،باکفایت اورمحفوظ سفر ی سہولتوں کی فراہمی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ اور ناقص پالیسیوں کے باعث ملک مسائل کی دلدل میں پھنستا چلا گیا اور سابق حکمرانوں نے عوام کو مسائل سے نکالنے کی بجائے اپنی لوٹ مار اورکرپشن کی وجہ سے ان کے مسائل میں اضافہ کیا ۔بدقسمتی سے دور آمریت میں کسی بھی ترقیاتی منصوبے کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایاگیااوردور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے لیکن پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے ان کرپشن کے قبرستانوں کو ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی منصوبوں سمیت بڑے میگاپراجیکٹس تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔ ملک سے جہالت،غربت اوربے روزگاری کے اندھیرے دور کریں گے۔پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ این ایڈیمسن نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک آسٹریلیا دو طرفہ معاشی و سماجی تعلقات کے فروغ ،زراعت، لائیوسٹاک، سکل ڈویلپمنٹ ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں تا ہم دونوں ملکوں کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں دونوں ملکوں کے مابین وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی و سماجی شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان خصوصا پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور پنجاب کے لائیوسٹاک اور زراعت سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔ زراعت ،لائیوسٹاک، سکل ڈویلپمنٹ او رتعلیم کے شعبوں میں آسٹریلیا سے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم اور صحت کے میدان میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں اورنوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنایا جا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں ،انہیں ہر ممکن سہولتیں دیں گے اور پاکستان اور آسٹریلیا کے بزنس وفود کے تبادلوں سے بھی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ، لائیوسٹاک ، ڈیری ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میںآسٹریلیا کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ این ایڈیمسن نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کے مختلف شعبوں میں اقدامات قابل تعریف ہیں۔ آسٹریلیاپنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرے گاتا کہ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور سروس انڈسٹریز کے چوہدری احمد سعید کے درمیان یہاں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراور سیاسی معاملات پربات چیت کی گئی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔2013ء کے مقابلے میں آج پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ ‘ پرامن اور معاشی طور پر مستحکم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اہم قومی امور پر اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔عوام کی بے لوث خدمت ہی ہمارا مشن ہے۔ اتحاد‘ اتفاق اور مشترکہ کاوشوں سے درپیش چیلنجز پر قابو پائیں گے۔

مزید : صفحہ اول