شعبہ صحت کی ترقی کے لئے انقلابی ا قدامات کئے جارہے ہیں،خواجہ سلمان رفیق

شعبہ صحت کی ترقی کے لئے انقلابی ا قدامات کئے جارہے ہیں،خواجہ سلمان رفیق

لاہور(جنرل رپورٹر) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں اور دور دراز کے عوام تک طبی سہولیات کی فراہمی اور بیماریوں کی روک تھام پرخصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ منیجرز کو ہدایت کی کہ ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے پیشہ وارانہ لگن اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں۔انہوں نے یہ بات ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کے کمیٹی روم میں تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید، چیف منسٹر ہیلتھ روڈمیپ ٹیم کے ارکان، صوبے میں چلنے والے ہیلتھ پروگراموں کے ڈائریکٹرز، تمام اضلاع کے ای ڈی اوز اور انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف منسٹر ہیلتھ روڈمیپ ٹیم نے ضلع کی سطح پر محکمہ صحت کی کارکرد گی بارے جائزہ رپورٹ پیش کی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ وزیر اعلیٰ ہیلتھ روڈمیپ کے تحت اقدامات کے نتیجے میں پرائمری اینڈ سیکنڈری سطح پر صحت کے شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف کی حاضری کیلئے بائیومیٹرک سسٹم شروع کیاگیا ہے جس سے سٹاف کی غیرحاضری کے رجحان میں واضح کمی ہوئی ہے۔ ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایاگیا ہے اور ای۔ویکس سسٹم اور اینڈرائڈ فونز کے استعمال سے ویکسینیٹرز کی کارکردگی میں نمایاں طور پر بہتری آئی ہے اور بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام ای پی آئی کے تحت روٹین ایمونائزیشن کی کوریج 75فیصد سے بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے بیماریوں کی روک تھام میں بہت مدد ملی ہے۔اجلاس میں 14مارچ سے صوبے کے منتخب اضلاع میں شروع ہونے والی انسدادپولیو کی محدود مہم کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1