ایجوکیشن ووچر سکیم سے منسلک سکولوں کی کیٹیگری وائزتقسیم کا فیصلہ

ایجوکیشن ووچر سکیم سے منسلک سکولوں کی کیٹیگری وائزتقسیم کا فیصلہ

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے مفت تعلیم کے منصوبے ایجوکیشن ووچر سکیم سے منسلک سکولوں کی کیٹیگری کی بنیاد پرتقسیم کا فیصلہ کیاہے۔ان سکولوں کے آئندہ وزٹ انڈیکیٹرز کی بنیاد پر ہوں گے ۔گیٹیگرائزیشن کی تفصیل پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر (ایجوکیشن ووچر سکیم ) ثمینہ نواز کی جانب سے محکمانہ سرکلر جاری کر دیا گیاہے۔سرکلر میں پارٹنرسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عمارت اور بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ طالبعلم خوشگوار ماحول میں تعلیم حاصل کریں، اس حوالے سے پارٹنر سکول پیف کے سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم اکاؤنٹ سے اپنی گنجائش کو چیک کر سکتے ہیں ۔ سرکلر کے مطابق نئے تعلیمی ووچرز کے اجراء سے قبل سکول کی موجودہ گنجائش کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔دریں اثناء ڈائریکٹر (نیوسکول پروگرام ) ملیحہ بتول نے پارٹنر سکولوں کو انسداد ڈینگی مہم کی ہنگامی بنیادو ں پر آغاز کی ہدایت کی ہے ۔اس حوالے سے سکول پارٹنرز کو خبردار کیا گیاہے کہ ڈینگی لاروا ملنے کی صورت میں مالک کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔جو فنڈز کی بندش ، جرمانہ، یا منسوخی معاہدہ کی صورت میں ہوسکتی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1