صدارتی ٹکٹ کیلئے مزید سات مقابلوں کے بعد ہیلری اور ٹرمپ کی برتری برقرار
واشنگٹن (اظہرزمان، بیوروچیف) صدارتی ٹکٹ کے حصول کیلئے مزید پانچ ریاستوں میں ری پبلکن اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے کاکسنر اور پرائمری انتخابات کے بعد بھی ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کی اپنی اپنی پارٹیوں میں برتری برقرار رہی۔ ہفتے کے روز ہونے والے ان انتخابات کے اب مکمل نتائج موصول ہو گئے ہیں، جن میں ٹیڈ کروز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرلی، لیکن وہ ٹرمپ کو اب تک حاصل ہونے والے مندوب کی تعداد سے اب بھی بہت پیچھے ہیں۔ کینساس ریاست کے کاکسنر میں انہوں نے ٹرمپ کے 17 کے مقابلے پر 24 مندوب حاصل کئے اور مین کی ریاست کے کاکسنر میں بھی انہوں نے ٹرمپ کے 9 مندوب کے مقابلے پر 12 مندوب حاصل کئے، صرف کنیٹکی کے کاکسنر کو ٹرمپ نے ٹیڈکروز کے 15 مندوب کے مقابلے پر 17 مندوب حاصل کرکے جیتا۔ لوزیانا کی پرائمری میں ٹرمپ اور کروز 18، 18 مندوب حاصل کرکے برابر رہے۔ مارکو روبیو ان چار مقابلوں میں بھی 18 مندوب حاصل کرکے تیسرے نمبر پر ہی رہے اور مجموعی طور پر بھی 128 مندوب حاصل کرکے وہ تیسرے نمبر پر ہی ہیں۔ ہفتے کے چار مقابلوں میں زیادہ مندوب حاصل کرنے کے باوجود ٹیڈکروز مجموعی طور پر ڈونلڈ ٹرمپ سے بہت پیچھے ہیں۔ ان مقابلوں کے بعد ٹرمپ کے مندوبین کی تعداد 382 ہوگئی ہے جبکہ انہیں صدارتی ٹکٹ کے حصول کیلئے کم از کم 1237 مندوب درکار ہیں۔ ہفتے کے مقابلوں کو جیتنے کے باوجود سنیٹر ٹیڈکروز کے مندوبین کی مجموعی تعداد 300 ہے جو ٹرمپ سے 82 مندوب پیچھے ہیں۔ہفتے کے روز ڈیموکریٹک پارٹی کے تین ریاستوں میں سے دو ریاستوں کے مقابلے میں سینیٹر برنی سینڈرس نے ہیلری کلنٹن کے مقابلے پر برتری حاصل کی۔ تاہم یہاں سے حاصل ہونے والے ان کے مندوب کی تعداد 49 رہی جبکہ صرف ایک ریاست لوزیانا کے پرائمری میں ہیلری نے 12 کے مقابلے پر 35 مندوب حاصل کئے اور ہفتے کے انتخابات میں مجموعی طور پر سینڈرس کے مقابلے پر 55 مندوب حاصل کرکے اپنی برتری قائم رکھی۔ اتوار کے روز مین کی ریاست میں صرف ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کا کل 25 میں سے زیادہ سے زیادہ مندوب حاصل کرنے کا مقابلہ ہوگا۔ اس روز ری پبلکن پارٹی کے امیدوار پورٹوریکو کے کل 23 مندوب کیلئے مقابلہ کریں گے۔وائٹ ہاؤس کی ٹکٹ کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی کی سب سے مضبوط امیدوار ہیلری کلنٹن ہی ہے جنہوں نے ہفتے کے روز ہونے والے تین مقابلوں کے بعد مجموعی طور پر 1121 مندوب حاصل کرلئے ہیں جبکہ قومی کنونشن میں شریک ہونے والے مندوبین میں سے انہیں ٹکٹ کے حصول کے لئے کم از کم 2383 درکار ہوں گے۔ سینیٹر سینڈرس 481 مندوب کے ساتھ ان سے بہت پیچھے ہیں۔