پشاور میں ڈیری سائنس پارک بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا:عنایت اللہ

پشاور میں ڈیری سائنس پارک بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا:عنایت اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں صحت مند گوشت کی پیداوار بڑھانے ، مقامی مارکیٹ فراہم کرنے اور حلال گوشت برآمد کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محب اللہ ، سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ ،فیکلٹی آف انیمل ہسبنڈری اینڈ وٹرنری سائنس یونیورسٹی آف ایگریکلچر پشاور کے ڈین ؍چیف پیٹرن ڈیری سائنس پارک پروفیسر محمد سبحان قریشی ،ڈائریکٹر جنرل (توسیع) لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ شیر محمد ، ڈائریکٹر جنرل ریسرچ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویویلپمنٹ ڈاکٹر احمد نوید ،محکمہ صنعت کے نمائندہ ڈاکٹر پرویز شاہ ،لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے پروفیسر عمر صدیق ، سینئر صوبائی وزیر بلدیات کے پرسنل سیکرٹری سجاد خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ مرتضیٰ شاہ ،محکمہ زراعت کی مس نگہت جاوید اور نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پشاور میں ڈیری سائنس پارک بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے سے بھی ماہرین کو شامل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ایک سمری وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو منظوری کیلئے بھجوائی جائے گی۔اجلاس میں بتایاگیا کہ ڈیری سائنس پارک کے قیام کے نتیجے میں نہ صرف صحت مند گوشت کی پیداوار بڑھے گی بلکہ ہزاروں بے روزگار لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم ہو سکیں گے جبکہ پشاور میں تقریباً دو سو ملین روپے کی لاگت سے اعلیٰ معیار کا ایک مذبحہ خانہ بھی تعمیر کیا جائے گا اور مذبحہ خانہ کی تعمیر میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ڈیری سائنس پارک کی ٹیم ایک دوسرے کی بھر پور معاونت کریں گی تاکہ لوگوں کو معیاری حلال گوشت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔قبل ازیں پروفیسر محمد سبحان قریشی نے ڈیری سائنس پارک کے حوالے سے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔