ورلڈ ٹی 20 کے بعد آفریدی سمیت کرکٹ کے دنیا کے پانچ بڑے کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ متوقع

ورلڈ ٹی 20 کے بعد آفریدی سمیت کرکٹ کے دنیا کے پانچ بڑے کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ ...
ورلڈ ٹی 20 کے بعد آفریدی سمیت کرکٹ کے دنیا کے پانچ بڑے کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ متوقع

  

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی 20ورلڈکپ منگل سے شروع ہورہاہے اور پاکستان کے شاہدآفریدی سمیت پانچ کرکٹرز کی اس ٹورنامنٹ کے خاتمے کیساتھ ہی ریٹائرمنٹ متوقع ہے ۔

صاحبزادہ شاہدخان آفریدی

پاکستان کے لیجنڈکرکٹرشاہدخان آفریدی 2010ءسے ٹیسٹ کرکٹ اور گزشتہ سال ورلڈکپ کے بعد ون ڈے فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں ، ٹی 20فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ بھی کرچکے ہیں ۔36سالہ پاکستانی کرکٹر کی بیٹنگ گزشتہ چند سالوں سے متاثر ہے ۔شاہدآفریدی کا ریٹائرمنٹ سے متعلق کہناتھاکہ ایشیاءکپ کے نتائج اور پھر ورلڈٹی 20میں پرفارمنس حتمی فیصلہ لینے میں معاون ہوگی ۔

مہندرا سنگھ دھونی

2007ءمیں بھارت کی فاتح ٹیم کے ورلڈ ٹی 20کے کپتان رہنے والے مہندرا سنگھ دھونی کیلئے یہ شاندارموقع ہے کہ 9سال کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر بھارتی ٹیم ورلڈٹی 20کی چیمپئن بنے اور یہی وقت ہوگاکہ دھونی بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ایک طرف ہوجائیں ، 34سالہ وکٹ کیپر بلے باز پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور شواہد موجود ہیں کہ اچھے کھیل کے دن گزار چکے ہیں ۔

لیستھ ملنگا

سری لنکا کے مایہ ناز باﺅلر 32سالہ لیستھ ملنگاٹی 20کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باﺅلر ہیں اور دوسال قبل ہی اُنہوں نے بطور کپتان ورلڈٹی 20کا سہرااپنی ٹیم کے سرسجایا۔ان کے یارکر نے سری لنکا کے باﺅلنگ اٹیک کو امتیازی حیثیت دلادی ہے ،ملنگا نے 2011ءمیں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی لیکن پھر انجریز نے ان کا پیچھا نہ چھوڑا۔ ایشیاءکپ کے دوران گفتگوکرتے ہوئے ملنگا نے کہاتھاکہ ’اگر اس مرحلے پر وہ ایک یا ڈیڑھ سال ریسٹ کرتے ہیں تو اس سے بہتر وہ اپنا کیریئرختم کرنے کو ترجیح دیں گے ‘۔

شین واٹسن

آسٹریلیاکے باﺅلر اورآل راﺅنڈرشین واٹسن رواں سال انڈین پریمیئرلیگ کے سب سے مہنگے کھلاڑی رہے لیکن انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی کے بعد واٹسن کو ون ڈے سکواڈ میں شامل نہیں کیاگیا اور اعتراف کیاکہ انٹرنیشنل ٹیم میں واپسی مشکل ہے لیکن بگ بیش میں سڈنی تھنڈر کی طرف سے بھارت کیخلاف سیریز میں شین واٹسن کی کارکردگی نے اُنہیں ایک مرتبہ پھر عروج پرپہنچایا۔

تلکارتنے دلشان

سری لنکا کے معروف اوپنر تلکارتنے دلشان اپنے لمبے کیریئرسے لطف اندوز ہوتے رہے اور وہ ٹی 20کرکٹ کے ماہر ہیں لیکن اب 39سال کی عمر میں یہ مشکل دکھائی دیتاہے کہ سابق سری لنکن کپتان اپنی ریٹائرمنٹ کو مزید موخر کرسکیں ۔

مزید : کھیل