وزیر داخلہ کے بیان کا جواب نہیں دوں گا ،ثبوت مانگنے والے پہلے ان ثبوتوں پر کام کریں جو ان کے پاس ہیں :مصطفی کمال
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق ضلع نا ظم مصطفی کمال نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کے بیان کا کوئی جواب نہیں دوں گا ،ثبوت مانگنے والے پہلے ان ثبوتوں پر کام کریں جو ان کے پاس ہیں ۔یاد رہے کہ مصطفی کمال کے متحدہ کے حوالے سے الزامات پر چوہدری نثار نے کہا تھا کہ اگر مصطفی کمال کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں اس کے بعد کارروائی ہوسکتی ہے۔
کراچی میں سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ہم کسی بڑے سیاسی فگر کو نہیں ٹارگٹ کر رہے ہیں،ہمارا پیغام عام لوگوں کے لیے ہیں جسے سن کر لو گ ہمارے پاس آرہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ کی بات کا کوئی جواب نہیں دوں گا ،ثبوت مانگنے والے پہلے ان ثبوتوں پر کام کر یں جو ان کے پاس ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ثبوت کی بات کرتے ہیں ،وہ ہماری بات نہ مانیں اور حالات ایسے ہی چلنے دیں ،جو بات مان رہے ہیں وہ ہمارے پاس آرہے ہیں ،جب سے اپنا پیغام پہنچا یا ہے پاکستان کے ہر کونے سے لوگ آرہے ہیں یہاں تک کہ بلوچستان سے بھی لوگ تشریف لائے ہیں ۔مصطفی کما ل نے کہا کہ ہم جنہیں پیغام پہنچا رہے ہیں ،انہیں پیغام مل گیا ہے ۔ایک سوال پر انہو ں نے کہا کہ جس ایم کیو ایم نے پورے پاکستان کو وقت ڈالا ہوا ہے ،وہ اگر کوئی درست بات بھی کرتے ہیں تو لوگ ان کی باتوں پر یقین نہیں کرتے ۔ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی بات کرنا کوئی گناہ نہیں ہے بلکہ یہ انتظامی معاملہ ہے ،اگر انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی ڈیمانڈ کی جا رہی ہے تو اس میں کوئی گناہ کی بات نہیں ۔