پاکستان اور بھارت کے درمیان نئی تاریخ رقم ہوگئی، پہلی مرتبہ پاکستان نے ایسا پیغام بھارت پہنچادیا جو آج تک کبھی نہیں دیا گیا

پاکستان اور بھارت کے درمیان نئی تاریخ رقم ہوگئی، پہلی مرتبہ پاکستان نے ایسا ...
پاکستان اور بھارت کے درمیان نئی تاریخ رقم ہوگئی، پہلی مرتبہ پاکستان نے ایسا پیغام بھارت پہنچادیا جو آج تک کبھی نہیں دیا گیا

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی طرف سے بھارتی ریاست گجرات میں 8سے 10دہشت گردوں کی اطلاع دیئے جانے پر ریاست میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور نیشنل سکیورٹی گارڈ(NSG) کی دو ٹیمیں بھی ریاست کے دو بڑے شہروں احمد آباد اور گجرات میں طلب کر لی گئی ہیں۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کی تاریخ میں پہلی بار یہ ہو رہا ہے کہ پاکستان نے کوئی خفیہ اطلاع بھارت کے ساتھ شیئر کی ہے۔ ویب سائٹ انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کی اطلاع ملنے پر ریاست گجرات میں سکیورٹی فورسز نے گجرات پولیس کے ساتھ مل کر سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی فورسز کی طرف سے گجرات میں دہشت گردی کے اس ممکنہ خطرے کی اطلاع بھارت کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول کو دی گئی تھی۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے بھی اس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

مزید جانئے: بھارتی گجرات میں دہشتگردی کا خطرہ، سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی

بھارت کی ایلیٹ فورسز نے اس خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بارڈر کو سیل کر دیا ہے اور ریاست میں پٹرولنگ بھی بڑھا دی ہے۔بھارتی بارڈرسکیورٹی فورسز کو گجرات کے ساحل پر ایک لاوارث کشتی ملی ہے۔ ممکنہ طور پر دہشت گرد اس کشتی میں گجرات میں داخل ہوئے۔ اسی طرح کی خفیہ اطلاع پٹھان کوٹ واقعے سے قبل بھی دی گئی تھی۔ اب گجرات میں بھی سکیورٹی سخت تو کر دی گئی ہے تاہم تاحال یہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ کوئی مشتبہ شخص بھارت میں داخل ہوا ہے یا نہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات شیئر کر رہے ہیں۔ ماہرین کاکہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین خفیہ معلومات شیئر کرنے کا معاہدہ دونوں اطراف دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد طے پایا ہے جن میں درجنوں معصوم لوگ موت کے گھاٹ اتار دیئے گئے تھے۔

مزید : بین الاقوامی