ویزہ ہولڈر افغانوں کیلئے پاک افغان بارڈر 2 روز کیلئے کھولنے کافیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پا کستانی ویزہ رکھنے والے افغانیوں کیلئے پاک افغان بارڈر کو آج سے دور روز کیلئے کھولنے کافیصلہ کیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ پاک افغان بارڈر آج اورکل طورخم اور چمن کے مقام پر کھولا جائیگا ،سرحد کھولنے کافیصلہ پاکستانی ویزے پر واپس آنیوالوں کیلئے کیاگیاہے جبکہ ویزے پر افغانستان جانیوالے پاکستانی بھی واپس آ سکیں گے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اس حوالے سے افغان سفیر کو ٹیلیفون کر کے آگاہ کر دیاہے جبکہ کراسنگ پوائنٹس پر دونوں متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیاہے۔دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ افغانستان کیساتھ جب تک بارڈر مینجمنٹ نہیں ہوتی معاملات ایسے ہی چلتے رہیں گے، ہماری کوشش و خواہش ہے کہ افغان بارڈر پر 16 ایکٹو کراسنگ پوائنٹ ہوں۔ دہشت گردی اور افغان معاملہ قومی ہے اسے سیاسی نہ بنایا جائے، سرحد بند کرنا ہمارا حق ہے، ہم اپنے مفادات کیلئے ہر اقدام اٹھائیں گے، دہشت گردوں کی سرپرستی کرنیوالوں کیلئے ہماری سرزمین استعمال نہیں ہوگی۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ حلقوں کی سیاست کو قومی سیاست پر ترجیح نہ دی جائے، افغان سرحد پر ہمارے بچوں کے قاتل بیٹھے ہیں، ہم نے 35 لاکھ افغانیوں کو پناہ دی اب بھی 20 لاکھ موجود ہیں، یہ خطے کا مسئلہ ہے ہم نے ہی حل کرنا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد طورخم بارڈر کو بند کیا گیا جس پر افغان حکومت نے احتجاج بھی کیا جبکہ گزشتہ روز افغان سرحد سے پاک فوج کے اہلکاروں پر حملہ کیا گیا جس میں 5 اہلکار شہید ہوگئے۔