کریڈٹ کارڈ صارفین کی تعداد 14لاکھ سے تجاوز کر گئی ، سٹیٹ بینک

کریڈٹ کارڈ صارفین کی تعداد 14لاکھ سے تجاوز کر گئی ، سٹیٹ بینک

اسلام آباد (آن لائن)رواں مالی سال 2018-19کی پہلی سہ ماہی میں جولائی تا ستمبر کے دوران کریڈٹ کارڈ رکھنے والے صارفین کی تعداد میں 11.28 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر 2018کے دوران کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کی تعداد 1.48 ملین تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2017کے دوران ان کی تعداد 1.33 ملین تھی۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کریڈٹ کارڈ صارفین کی تعداد میں 0.15 ملین یعنی 11.28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے تین مہینوں کے دوران ڈیبٹ کارڈ ہولڈرز کی تعداد میں بھی 3.70 ملین کانمایاں اضافہ ہوا ہے اور ستمبر 2018کے اختتام پر ان کی تعداد 22.47 ملین تک بڑھ گئی جبکہ ستمبر 2018کے اختتام پر ان کی تعداد 22.47 ملین تک بڑھ گئی جبکہ ستمبر 2017کے اختتام پر ڈیبٹ کارڈ ہولڈرز کی تعداد 18.77 ملین ریکارڈ کی گئی تھی۔دریں اثناء رواں مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی تین ماہ میں جولائی تا ستمبر کے دوران کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز میں 28.57 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا ستمبر 2018ء کے دوران کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز سے 7.2 ارب روپے کا لین دین کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2017ء کے دوران کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز کا حجم 5.6 ارب روپے رہا تھا۔ اس طرح جولائی تا ستمبر 2017ء کے مقابلہ میں جولائی تا ستمبر 2018ء کے دوران کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز میں 1.6 ارب روپے یعنی 28.57 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔

مزید : کامرس