وزیرمحنت وانسانی وسائل پنجاب کی زیرصدارت سٹیزن پورٹل کے حوالے سے اجلاس

وزیرمحنت وانسانی وسائل پنجاب کی زیرصدارت سٹیزن پورٹل کے حوالے سے اجلاس

لاہور (نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان کی زیرصدارت اپنے دفتر میں پاکستان سٹیزن پورٹل کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لیبر ڈاکٹر سہیل شہزاد، کمشنر پنجاب ایمپلائیز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن ثاقب منان، ڈی جی لیبر فیصل چوہدری ، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ احمد نائیک و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان سٹیزن پورٹل پر محکمہ محنت و انسانی وسائل پنجاب سے متعلق موصول ہونے والی شکایات اور ان کے حل کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصر مجید خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر پنجاب ایمپلائیز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن، لیبر ڈائریکٹوریٹ، ورکرز ویلفیئر بورڈ اور مینیمم ویجز بورڈ سے متعلق شکایات کے 90فیصد ازالہ پر تمام افسران کی کاوش کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویڑن پر قائم کردہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر پنجاب کی سطح پر موصول ہونے والی شکایات کے ازالہ کرنے میں محکمہ محنت و انسانی وسائل پنجاب سرفہرست رہا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب بھر کے صنعتی اداروں میں کارکنان کے مسائل فوراً اور ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔

وہ جلد پورے پنجاب میں صنعتی اداروں کا دورہ کرکے کارکنان کے مسائل موقع پر حل کریں گے۔ لیبر انسپکٹر متعلقہ علاقے میں موجود صنعتی اداروں کے کارکنان کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔

مزید : کامرس