دہشتگرد اور فساد فی الارض کرنے والا اسلام کا سچا پیرو کار نہیں ہوسکتا، ڈاکٹر حسن

دہشتگرد اور فساد فی الارض کرنے والا اسلام کا سچا پیرو کار نہیں ہوسکتا، ڈاکٹر ...

لاہور (نمائندہ خصوصی )چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلام اول تا آخر امن ہی امن ہے، اسلام ظلم اور نا انصافی کے خاتمے کیلئے آیا، کوئی دہشت گرد اور فساد فی الارض کرنے والا اسلام کا سچا پیرو کار نہیں ہوسکتا، وہ گزشتہ روز منہاج القرآن فرینکفرٹ(جرمنی) میں ’’قرآن کانفرنس‘‘ سے خطاب کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ قرآن مجید پر علماء و مفسرین نے مختلف ادوار میں بہت کام کیا۔قرون اولیٰ کے اکابر علماء،عرفاء اور صوفیاء نے قرآن پاک پر بہت تحقیق کی اب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا قرآن مجید کے 5ہزار سے زائد جدید نوعیت کے موضوعات قائم کرنا بلاشبہ تجدیدی و احیائی کارنامہ ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تالیف کے ذریعے نہ صرف اسلاف کے کام کو آگے بڑھایا بلکہ آئندہ نسلوں کیلئے قرآن پاک سے علم حاصل کرنے اور کسی بھی نوعیت کے تحقیقی کام میں قرآن پاک سے رہنمائی لینے کی طرف راغب کیا ہے۔

۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے محقق،استاد،ریسرچرز،ڈاکٹرز قرآنی انسائیکلو پیڈیا کو پڑھ کر اپنے ریسرچ ورک کے حوالے سے راہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔ منہاج القرآن فرینکفرٹ کے ڈائریکٹر علامہ فرحت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنی تحریر و تقریر، قول و فعل اور کردارسے امت مسلمہ میں ایک نئی روح پھونکی ہے یہی وجہ ہے پوری دنیا میں مختلف مذاہب،مسالک اور مکاتب فکر کے لوگ انکی خدمات کو سراہتے ہیں۔ کانفرنس میں چودھری عمران خان،چوہدری فاروق اظہر،عمر حیات،شاہد محمود،محمد اقبال،محمد ارشد،محمد عنصر نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1