نولکھا پولیس سٹیشن کی عمارت کا افتتاح شہید احمد مبین کی والدہ نے نقاب کشائی کی

نولکھا پولیس سٹیشن کی عمارت کا افتتاح شہید احمد مبین کی والدہ نے نقاب کشائی ...

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس کی طرف سے تھانوں کی عمارتوں کو بہتر بنانے کے منصوبے کے تحت نولکھا پولیس سٹیشن کی سٹیٹ آف دی آرٹ نئی عمارت کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ شہید ڈی آئی جی کیپٹن (ر ) سید احمد مبین کی والدہ محترمہ نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔ انہیں پورے پولیس اعزاز کے ساتھ تقریب میں لایا گیا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید، ڈی آئی جی سکیورٹی عمران احمر، سی ٹی او ملک لیاقت اور دیگر اعلیٰ پولیس افسر بھی موجود تھے۔ تھانہ نولکھا لاہور کی 4 منزلہ بمعہ بیسمنٹ خوبصورت عمارت 12 کنال، 07 مرلے اور 15 مربع فٹ پر مشتمل ہے۔ عمارت کی تعمیر کا تخمینہ 144 ملین روپے تھا لیکن اسے 139 ملین میں مکمل کر لیا گیا۔

تقریب سے خطاب میں سی سی پی او بی اے ناصر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے بھرپور تعاون اور آئی جی پولیس امجد جاوید سلیمی کی خصوصی دلچسپی سے تھانہ نولکھا کی نئی شاندارعمارت 24 ماہ کے عرصے میں تیار ہوگئی۔ دنیا کی کوئی بھی پولیس عوام کی مدد کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی ۔پولیس شہدأ کے خاندانوں کو ہر جگہ عزت و احترام ملنا چاہیئے کیونکہ انہوں نے ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کر دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر نے بھی پولیس شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن (ر ) سید احمد مبین کی والدہ محترمہ نے پیرانہ سالی میں یہاں آ کر ہمارا مان رکھا۔ وہ ایک بہادر بیٹے کی ماں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لاہور میں 12 تھانوں کی نئی عمارتیں زیر تعمیر ہیں۔ کام کرنے کا ماحول بہتر بنائے بغیر مطلوبہ اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں۔ تھانہ نولکھا کی نئی عمارت میں دفاتر، حوالات، رہائشگاہیں، لانڈری اور 4 آبزرویشن پوسٹس بھی ہیں۔ بعدازاں سی سی پی او نے نئی عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ کیپٹن (ر ) سید احمد مبین کی والدہ کو تقریب سے روانگی پر تمام افسروں کی طرف سے سلیوٹ بھی پیش کیا گیا۔

مزید : علاقائی