پاک فوج بہترین ،پولیس نے امن عامہ کا بیڑہ غرق کردیا ،لاہور ہائیکورٹ

پاک فوج بہترین ،پولیس نے امن عامہ کا بیڑہ غرق کردیا ،لاہور ہائیکورٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے قراردیا ہے کہ بلاشبہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جبکہ پولیس نے ملک میں امن عامہ کا بیٹراغرق کردیاہے۔پولیس کا مورال کم ہونے سے معاشرے میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہواہے ۔پولیس کا مورال کم کرنے میں وکلاء کا بھی ہاتھ ہے ۔مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے یہ ریمارکس عدالتوں ،وکلاء اور سائلین کی سیکورٹی فول پروف بنانے کے لئے دائردرخواست کی سماعت کے دوران دیئے۔عدالتی حکم پر سی سی پی او لاہور نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی ماتحت عدالت میں غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جارہی ہے،فاضل جج نے سی سی پی اولاہوراورعدالت میں موجود ڈی آئی جی آپریشنزسے استفسار کیا کہ مجھے بتائیں کہ اس ملک کا بیٹرا غرق کس نے کیا؟ آئے دن قتل وغارت ہو رہی ہے ،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پولیس نے ملک میں لاء اینڈ آڈر کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔پولیس کا مورال کم ہونے سے معاشرے میں جرائم کی شرح بڑھی ہے، پولیس والوں کا مورال بہتر کریں ،تمام تھنک ٹینک مل کر بیٹھیں تو صورتحال بہتر ہو گی ،سی سی پی او نے کہا کہ جی ہم پولیس کا مورال بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،جس پر فاضل جج نے کہاپتہ نہیں کیا اقدامات ہو رہے ہیں ،نظر تو نہیں آرہے ۔فاضل جج نے کہا کہ سیشن کورٹ لاہور میں قتل کی ویڈیو کو دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی ، پولیس والوں کا مورال کم کرنے میں 50 فیصد ہاتھ وکلاء کا بھی ہے ،ماتحت عدالتوں میں وکلاء نے کتنی زیادتیاں کیں اور پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ،فاضل جج نے درخواست گزاروکیل سے کہا آپ ہی بتائیں کیا ضمانت خارج ہونے پر وکلاء ملزم کو گرفتار کرنے دیتے ہیں ؟کون سا تھانہ ہے جہاں وکلاء خود پیش نہیں ہوتے ،فاضل جج نے کہا کہ عدالت پولیس رپورٹ کی روشنی میں اس درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
لاہور ہائیکورٹ

مزید :

صفحہ آخر -