سوئی ناردرن گیس کی ٹاسک فورس نے 300گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا

سوئی ناردرن گیس کی ٹاسک فورس نے 300گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا

لاہور(کرائم رپورٹر)سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کے جی ایم قیصر مسعود کی ہدایت پر ٹاسک فورس کی ٹیموں نے 300گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا ہے جبکہ دوسری کارروائی میں فیصل ٹاؤن اور جوہرٹاؤن میں ٹیرف کی خلاف ورزی پر دو ہوٹلوں کے گیس کنکشن منقطع کردئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جی ایم قیصر مسعود کے مطابق اُنہیں خفیہ اطلاع ملی کہ وینس ہاؤسنگ سکیم فیروزپور روڈ پر بڑے پیمانے پر جعلی نیٹ ورک چلایا جارہا ہے جس پر ٹاسک فورس کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا تو وہاں پر سوئی گیس کی مین لائن سے کٹ لگا کر پلاسٹک لائن کے ذریعے 300گھروں کو گیس سپلائی کی جارہی تھی اور گیس کا جعلی نیٹ ورک چلانے والے ملزمان ہر گھر سے ہزاروں روپے ماہانہ وصول کررہے تھے۔ جس پر ٹاسک فورس کی ٹیم نے پلاسٹک پائپوں کو اُکھاڑ کر قبضہ میں لے لیا ہے اور جعلی نیٹ ورک ختم کرکے تھانہ نشتر کالونی میں مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ اسی طرح ٹاسک فورس کی ٹیموں نے چیف انجینئر راشد عنایت کی نگرانی میں فیصل ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن میں دو ہوٹلوں پر ٹیرف کی خلاف ورزی پائی جانے پر گیس کنکشن منقطع کردئیے ہیں اور گیس چوری پر دونوں ہوٹلوں کے مالکان کو لاکھوں روپے جرمانے بھی ڈالے جارہے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر