کوہستان ویڈیو سکینڈل،مدعی افضل کوہستانی کو قتل کردیاگیا

کوہستان ویڈیو سکینڈل،مدعی افضل کوہستانی کو قتل کردیاگیا

ایبٹ آباد(آن لائن) کوہستان ویڈیو سکینڈل کے مدعی افضل کوہستانی کو ایبٹ آباد کے سوزوکی اڈے میں قتل کردیاگیا۔ فائرنگ کے دوران دیگر تین افراد شدید زخمی۔ لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے ۔ ذرائع کے مطابق افضل کوہستانی بدھ کی شام ایبٹ آباد شہر کے سوزوکی سٹینڈ میں ایک گاڑی میں بیٹھا ہواتھاکہ ایک نامعلوم شخص آیا اور اس نے اندھادھند فائرنگ کرکے افضل کوہستانی کو قتل کردیا۔ اس دوران دیگر لوگوں نے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی۔ حملہ آور نے دیگرلوگوں پر بھی اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں صابرحسین ولد غلام حسین عمرچالیس سال سکنہ شیخ البانڈی، کلیم اللہ ولد عاشق جان اورسیّدکریم ولد علی الرحمن ساکنا ن باجوڑ ایجنسی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے۔ جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ افضل کوہستانی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔ جبکہ دیگر زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ تھانہ کینٹ میں نامعلوم حملہ آوروں کیخلاف مقدمہ درج کرکے پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے۔

کوہستان ویڈیو

مزید : صفحہ آخر