محکمہ ایکسائز کے افسران اور عملے کو یونیفارم پہنے کی ہدایت
کراچی ( اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے محکمے کے افسران اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ اپنی ڈیوٹی اوقات میں باقاعدہ یونیفارم پہنے اور باقاعدگی سے اپنے متعلقہ دفاتر میں حاضری دیں جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔یہ بات انہوں آج اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات عبد الرحیم شیخ ، ڈائریکٹر جنرلز شبیر احمد شیخ ، شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ ان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ چند افسران اور عملے کے اراکین باقاعدہ یونیفارم نہیں پہنتے انہیں خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ ڈسپلن کا خیال رکھیں اور شکایت کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن جلد ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان کے خلاف روڈ چیکنگ مہم شروع کررہا ہے انہوں نے ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ روڈ چیکنگ مہم کے شروع ہونے سے قبل ہی اپنے ٹیکسز جمع کروادیں۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے سرحدی چوکیوں پر چوکنا رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کو کسی بھی صورت میں منشیات صوبے میں نہ لانے دی جائے اور ایسی کسی بھی کوشش کو ہر صورت میں ناکام بنادیا جائے