بجلی مہنگی ہونے سے گرانی میں تیزی سے اضافہ ہوگا ،محمد حسین محنتی

بجلی مہنگی ہونے سے گرانی میں تیزی سے اضافہ ہوگا ،محمد حسین محنتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بجلی مزید مہنگی کرنے کی حکومتی تجویز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول، گیس کے بعد اب 12روپے سے 16روپے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی تجویز عوام کے زخموں پر نمک پاشی اور حکومتی دعووں کی نفی ہوگا،انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ لائن لاسز،کرپشن وبجلی چوری سمیت پورا خسارہ پورا کرنے کیلئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ان کی زندگی مزید تنگ ومشکلات میں اضافہ کرنے کے مترادف ہوگا کیونکہ بجلی مزید مہنگی ہونے کی وجہ سے مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہوگا جس کا زیادہ بوجھ غریب ومتوسط طبقے پر پڑے گا، اسی طرح صنعتی پیداواری لاگت بڑھے گی جس سے برآمدات میں اضافے کی کوششیں بھی متاثر ہونگی، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر ملک کو مہنگائی کے طوفان میں دھکیلنے اور عوام کی مشکلات میں اضافہ کی بجائے لائن لاسز ،کرپشن وبجلی چوری کے خاتمے کے ساتھ بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دی جائے، بند بجلی گھروں کو چالو کیا جائے،انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے باوجود عوام حکومتی دعووں کے برعکس 8سے 12گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں ۔سی پیک منصوبے کا ایک بڑاحصہ بھی ملک میں توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے مختص ہے اسی طرح تھر کول سے بھی قوم کو نوید سنائی گئی تھی مگر اس کے فوائد سے عوام تاحال محروم اورمزید ان پر بوجھ ڈالنے اورعالمی اداروں کی فرمائش پوری کرنے کے لیے بجلی مزید مہنگی کی جارہی ہے، اسلئے حکومت انتخابات میں قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے،ملک کو توانائی بحران ومہنگائی کے خاتمے سمیت عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے۔