کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے بروقت اقدامات کئے، فیاض الحسن چوہان

کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے بروقت اقدامات کئے، فیاض الحسن چوہان

  



لاہور (آئی این پی) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان نے بڑی قربانیاں دے کر دہشت گردی کو شکست دی ہے، کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت نے بروقت اقدامات کئے، کورونا وائرس میں مبتلا80ہزار میں سے 50ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں،پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 6کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔جمعہ کو صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان نے بڑی قربانیاں دے کر دہشت گردی کو شکست دی ہے، کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت نے بروقت اقدامات کئے، 13جنوری کو صوبے کے تمام کمشنرز اور متعلقہ حکام کو خط کے ذریعے آگاہ کر دیا گیا تھا اور خط میں متعلقہ حکام کو کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کا کہا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کورونا وائرس سے متعلق افراتفری پھیلانے سے گریز کرے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وائرس میں مبتلا80ہزار میں سے 50ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 6کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، ایران سے پنجاب میں 3ہزار56زائرین واپس آئے تھے اور واپس آنے والوں میں 2ہزار سے زائد زائرین کی سکریننگ مکمل ہو چکی ہے، کورونا وائرس سے اب تک ہلاک ہونے والے زیادہ تر معمر افراد شامل ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحت مند افراد کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے، ماسک انفیکشن میں مبتلا مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کیلئے ضروری ہیں، پنجاب میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے خصوصی سینٹرز سمیت تمام تیاریاں مکمل ہیں، کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھونا فائدہ مند ہے، ہاتھ دھونے کے بعد تولیے کے بجائے ہوا میں خشک کریں۔

فیاض الحسن چوہان

مزید : صفحہ آخر /رائے /کالم