چین اور ایران سے پاکستانیوں کو منظم حکمت عملی سے واپس لائینگے: اعجاز شاہ

چین اور ایران سے پاکستانیوں کو منظم حکمت عملی سے واپس لائینگے: اعجاز شاہ

  



کوئٹہ (این این آئی) وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کرونا وائر س اللہ کا ہم سے ناراضی کا اظہار ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، حکومت پاکستان ملک کے مفاد میں تمام تر فیصلے کرر ہی ہے، چین اور ایران میں موجود پاکستانیوں کو منظم حکمت عملی کے تحت واپس لایا جائیگا، وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمن سے دھرنا ختم کرنے کے لئے کوئی معاہدہ نہیں کیا، فضل الرحمن سے جنہوں نے وعدہ کیا ہے وہ ان سے پورا کرنے کا مطالبہ کریں،پاکستان میں دہشتگردی میں واضع کمی کے بعد اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں نے پاکستان سے متعلق ایڈوائزری تبدیل کی ہے،حالیہ دہشتگردی کے واقعات افسوناک ہیں ان پر قابو پالیا جائیگا۔ سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں پریس کانفر نس کرتے ہوئے اعجاز شاہ نے کہاکہ حکومت بلوچستان کے نمائندوں سے ملاقات کر کے کرونا وائرس کی روک تھام کے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا ہے، صوبے کو کسی قسم کی معاونت کی ضرورت ہے تو وہ فراہم کریں گے۔ بلوچستان میں اس وقت قرنطینہ میں 3ہزار زائرین موجود ہیں جبکہ 2ہزار لوگ ایران کے بارڈر پر موجود ہیں، اس کے علاوہ بھی لوگ ہیں جو ایران کے ہوٹلوں میں مقیم ہیں، تمام لوگوں کو واپس لایا جائیگا، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جس صوبے کے لوگ ہیں انہیں انکے صوبوں میں بھجوا کر قرنطینہ میں رکھیں تاکہ بارڈر پر دباؤ کم ہوسکے۔ ایران سے براہ راست جہازوں میں زائرین کی منتقلی کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ کرونا وائرس آپریشن کی نگرانی وزیراعظم خود کر رہے ہیں وزیراعظم ہاؤس میں اس حوالے سے سیل قائم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمن سے دھرنا ختم کرنے کے لئے کوئی معاہدہ نہیں کیا، مولاناصاحب ان پوچھیں کہ جنہوں نے ان سے وعدہ کیا ہے اور ان سے کہیں کہ وعدہ وفا کریں لیکن میں کہتا ہوں کہ وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہو۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات افسوسناک ہیں، بلوچستان سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں حالات بہتر ہونے کے بعد اب مارکیٹیں، کھیل کے میدان آباد ہورہے ہیں۔ حال ہی میں اقوام متحدہ نے پاکستان اور کراچی سے متعلق اپنی ایڈوائزی تبدیل کردی ہے۔یہ سب کچھ سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کی وجہ سے ہوا ہم درست سمت میں گامزن ہیں۔

اعجاز شاہ

مزید : صفحہ آخر /رائے /کالم