کرکٹ میچز پر ٹریفک جام، ایف سی کالج میں تعطیل خطرناک صورتحال، جسٹس شاکر کریم 

کرکٹ میچز پر ٹریفک جام، ایف سی کالج میں تعطیل خطرناک صورتحال، جسٹس شاکر ...

  



لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے پی ایس ایل میچز کے دوران ٹریفک جام اورمیچوں کے دوران تعلیمی ادارے میں تعطیل کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا، فاضل جج نے خبردار کیا کہ آئندہ سماعت پر اگر واضح پلان کے ساتھ نہ آئے تو پی ایس ایل پر حکم امتناعی جاری کر دیاجائے گا،فاضل جج نے ٹریفک پلان سے متعلق رپورٹ پیش نہ کرنے پر ڈی جی ٹیپا کو طلب کرتے ہوئے حکم دیاہے کہ وہ 13 مارچ کو خود حاضرہو کرٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لئے بنایا گیا عبوری منصوبہ عدالت میں پیش کریں، فاضل جج نے بے ہنگم ٹریفک کے حوالے سے ریمارکس دیئے کہ پبلک سروس میسجز کے ذریعے قوانین کومزیدموثر نہیں بنایاجاسکتا،اب عدالت قانون پر عمل درآمد کروائے گی، عدالت نے ایف سی کالج میں تعطیل کے حوالے سے ریمارکس دیئے کہ میچز کی وجہ سے چھٹی دینا انتہائی خطرناک صورتحال ہے، یعنی کرکٹ میچ نے تعلیم کو آؤٹ کر دیا ہے،فاضل جج نے یہ نوٹس ماحولیاتی آلودگی اور ٹریفک جام رہنے کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران لیا، فاضل جج نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ وہ13مارچ کو پی سی بی اور تمام متعلقہ حکام سے ہدایات لے کرپیش ہوں،عدالت نے پی سی بی اور سی ٹی او کو ماحولیاتی آلودگی سے متعلق عدالتی کمشن کے ساتھ میٹنگ کرنے اوراس کے نتیجہ کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میچز کرانے کا یہ مطلب نہیں کہ ماحولیاتی آلودگی کو نہ دیکھا جائے، جنریٹرز چلا کر کروڑوں کا ریونیو استعمال کیا جاتا ہے۔ درخواستیں عمرانہ ٹوانہ اور ہارون فاروق نے دائر کررکھی ہیں جس میں کہا گیاہے کہ ٹریفک مسلسل جام رہنے سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے، ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے اقدامات کا حکم دیا جائے، عدالت نے مذکورہ احکامات کے ساتھ کیس کی مزید سماعت13 مارچ پر ملتوی کردی۔

کرکٹ میچ

مزید : صفحہ آخر /رائے /کالم