تمام بیکریوں، جنرل سٹوروں، ہوٹلوں میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد

تمام بیکریوں، جنرل سٹوروں، ہوٹلوں میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد

  



لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائی کورٹ نے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے بعد لاہور کی تمام بیکریوں،چھوٹے بڑے سٹوروں اور ہوٹلوں میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔عدالت نے یہ پابندی عائد کرتے ہوئے پولی تھین بیگز کا استعمال مکمل طور ترک کرنے کے لئے 2 ہفتوں کا وقت مقرر کیا ہے،عدالت نے قراردیا کہ اگلے مرحلے میں پنجاب کے دوسرے شہروں میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی سے متعلق حکم جاری کریں گے، فاضل جج نے پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی اور مشروبات فروخت کرنے والی کمپنیوں کوہدایت کی کہ وہ آئندہ تاریخ سماعت پر بتائیں کتنی دیر میں پلاسٹک بوتلوں کا استعمال ختم کردیں گے، عدالت نے یہ احکامات پولی تھین کے شاپنگ بیگز پرپابندی کے لئے دائر درخواست کی سماعت 13مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے جاری کئے،محکمہ ماحولیات کی طرف سے عدالت کوبتایا گیا کہ بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹوروں اوربڑی بیکریوں پر پولی تھین بیگز استعمال نہ کرنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کروادیاگیاہے،جس پر عدالت نے کہا کہ اب لاہور کے تمام چھوٹے بڑے سٹورز پر پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی ہوگی۔عدالتی حکم پر پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی اورمشروبات فروخت کرنے والی دو بڑی کمپنیوں کی طرف سے فاروق امجد میر اور سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹس عدالت میں پیش ہوئے،فاضل جج نے ان سے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹ بوتل کا استعمال کم ہو رہا ہے، آپ اس پر عدالت کی معاونت کریں گے،جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت کی معاونت مثبت انداز میں کریں گے، عدالت نے ان کمپنیوں سے استفسار کیا ہے کہ پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال کب تک ختم کیا جاسکتاہے؟

پابندی، لفافے

مزید : صفحہ آخر /رائے /کالم