چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن آج منایا جائے گا،کھلاڑی پنک کیپ پہنیں گے

          چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن آج منایا جائے گا،کھلاڑی پنک کیپ پہنیں ...

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنک ربن پاکستان کی مشترکہ کاوش کے نتیجہ میں آج ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منایا جائے گا۔ اس روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں برقی قمقموں کی روشنی میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔ چاروں ٹیموں کے کھلاڑی بچیوں کے ہمراہ گراؤنڈ میں داخل ہوں گے۔ پنک کیپ پہنے میدان میں اترنے والی بچیاں مختلف فیلڈنگ پوزیشنز پر موجود کھلاڑیوں کوپنک کیپ تھمائیں گی۔علاوہ ازیں، 7 مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور گلابی رنگ میں ڈھل جائے گا۔ اس روز کی مناسبت سے 7مارچ کو راولپنڈی اور لاہور میں شیڈول میچوں کے دوران گلابی رنگ کی اسٹمپس کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن میدان میں اترنے والی چاروں ٹیموں میں شامل کھلاڑی، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز دونوں وینیوز پرپنک ربن پہن کر اس مہم کا حصہ بنیں گے۔اْس روز میچ کے دوران دونوں وینیوز پر نصب بڑی اسکرینز پر چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے پیغامات بھی جاری کیے جائیں گے۔

پنک کیپ

مزید : صفحہ اول