بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے: پیاف

بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے: پیاف

  



لاہور(کامرس ڈیسک)چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ا یشنز فرنٹ (پیاف) میاں نعمان کبیر نے سیئنر وائس چیئرمین پیاف ناصر حمید خان اور وائس چیئرمین پیاف جاوید اقبال صدیقی کے ہمراہ فیروزپور روڈ پر لاہور قصور کے تاجروں و صنعتکاروں کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں 5روپے فی لیٹر کمی کے بعد اب اسی تناسب سے بجلی کی فی یونٹ کمی کی جائے کیونکہ ماضی میں پٹرولیم مصنوعات کو جواز بنا کر بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا جاتا رہا ہے جس سے صنعتی شعبہ سمیت ہر طبقہ فکر متاثر ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ 2018میں تیل کی عالمی قیمتیں 75ڈالر اور ملک میں تیل 80روپے فی لیٹر دستیاب تھا جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمت56ڈالر کی سطح پر ہیں جبکہ پٹرول112روپے فی لیٹر سے زائد ہے جو19ماہ کی قیمتوں سے کہیں زیادہ ہے جس کے باعث صنعتی شعبہ کے ٹرانسپورٹیشن چارجز میں اضافہ سے اشیاء مہنگی اور ملک میں ہوشربا مہنگائی برپا ہے نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16.29ڈالرز کی کمی آچکی ہے۔

لیکن موجودہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر17فیصد جی ایس ٹی جبکہ صارفین سے براہ راست پٹرولیم لیوی ٹیکس بھی وصول کررہی ہے جس کے باعث مہنگے داموں پٹرول فراہم کرکے عوام پر مسلسل بوجھ ڈالا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی ٹیکس کا خاتمہ،جی ایس ٹی کو سنگل ڈیجٹ پرلایا جائے اور پٹرولیم مصنوعات بین الاقوامی کمی کے مطابق مزید کم کی جائیں تاکہ عوام کو اس کا حقیقی ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی بنیاد مظبوط کرنے اور عالمی منڈی میں برقرار رہنے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی بھی از حد ضروری ہے۔

مزید : کامرس