حکومت خواتین کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، منزہ حسن
اسلام آباد( آن لائن)حکومت خواتین کو معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے۔صنفی مساوات کے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے۔ملکی ترقی کے لئے خواتین کے اقتصادی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت ضروری ہے۔ ہم تمام قوانین کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ان میں مناسب ترمیم کر کے صنفی مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔پارلیمانی خواتین کے ایک گروپ کی سیکرٹری وممبر قومی اسمبلی منزہ حسن نے یہ بات اسلام آبادویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل کی قیادت میں آنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود خواتین پارٹی وفاداریوں سے بالا تر ہو کر خواتین کی فلاح و بہبود اور مختلف شعبوں میں انکی نمائندگی بڑھانے کے ایجنڈے پر متفق ہیں اور اس سلسلہ میں بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کو بہت سے مشکلات درپیش ہیں اور ان کی ترقی اور انکی استعداد میں اضافہ کے لئے ہر شعبہ میں کوششوں کی ضرورت ہے ورنہ ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آباد ویمن چیمبر خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے قابل قدر کوششیں کر رہا ہے اور حکومت ان سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اس موقع پر ثمینہ فاضل، فریدہ راشد اور پی ٹی آئی کی ممبر صوبائی اسمبلی شمیم آفتاب نے کہا کہ خواتین کو تمام شعبوں میں مواقع دینے اور ان کی ترقی کی راہ میں حائل مشکلات دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے لائق تحسین کوششیں کی ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی خواتین کو ترقی کو حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست رکھا جائے گا۔