پنجاب یونیورسٹی میں آسا کا اجلاس، اساتذہ کے مسائل پر گفتگو

  پنجاب یونیورسٹی میں آسا کا اجلاس، اساتذہ کے مسائل پر گفتگو

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس صدر(آسا) پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں یونیورسٹی اراضی کے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں، بیک ڈیٹ تقرریوں، ٹینیور ٹریک اساتذہ کی مقررہ تاریخوں سے تعیناتی،ٹائم سکیل پروموشن، سلیکشن بورڈز کے انعقاد سمیت مختلف مسائل پر غور ہوا اور متعدد فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے دو قراردادیں پیش کیں جنہیں اساتذہ نے کثرت رائے سے منظورکر لیا۔پہلی قرارداد میں پنجاب یونیورسٹی اساتذہ نے حکو مت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ جناح ہسپتال کو کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن سے ملانے والی سڑک (مولانا شوکت علی روڈ) کے لئے حاصل کردہ اراضی کا مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ بلاتاخیر ادا کیا جائے۔جبکہ دوسری قرارداد کے ذریعے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا گیا کہ یونیورسٹی اراضی کے سلسلے میں کسی بھی فیصلہ سے پہلے یونیورسٹی کے تمام سٹیک ہولڈرز بالخصوص اساتذہ کے نمائندہ فورم اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جائے۔

اساتذہ کی جانب سے ٹاؤن تھری کے متعلق پائی جانے والی تشویش کا نوٹس لیتے ہوئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ جنرل باڈی میں اس مسئلہ پر تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1