پشاور،لائن ٹریفک بحال کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا سلسلہ شروع
پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے لائن ٹریفک بحال کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ڈی ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دلہ زاک روڈ پر ناکہ بندی کی۔ اس دوران لائن ڈسپلن کی خلاف ورزی اور غلط طریقے سے اوورٹیک کرنیوالوں کو ڈی ایس پی ایجوکیشن نے آگاہی دی اور اس کے نقصانات بارے آگاہ کیا اور آئندہ خطرناک طریقے سے ڈرائیونگ کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ اس دوران ڈی ایس پی ایجوکیشن نے لائن میں ٹریفک رواں رکھنے کیلئے کون رکھے اور شہریوں میں اوور سپیڈنگ سے ہونیوالے نقصانات اور سیٹ بیلٹ کے فوائد سے متعلق پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور عوام میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور بیدار کرنے اور آگاہی دینے کی خاطر مختلف مقامات اور اداروں میں تربیتی نشستوں کا اہتمام کرتی ہے جس کا مقصد ٹریفک حادثات میں کمی لانا اور شہریوں کو ٹریفک قوانین کا پابند بنانا ہے اور تربیتی نشستوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔