تبدیلی کا نعرہ اپنے بیانیے کیساتھ مر چکا ہے‘ فائق شاہ
پشاور(سٹی رپورٹر) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانیوالے تمام وعدوں سے مکر گئے ہیں پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں دوبارہ حکومت قائم کرنے کے باوجود نیا صوبہ نہ بنا سکی جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ حکمرانوں نے سات سال ضائع کر کے عوام کو مایوسی اور جھوٹے وعدوں اور دعوؤں کے سواء کچھ نہیں دیا ہے اور اب ریاست مدینہ کے نام پر لوگوں کو مرغوب کیا جا رہا ہے۔ محمد فائق شاہ خیبر پختونخوا کے جائزہ کمیٹی سے خطاب کر رہے تھے، چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے جھوٹ کی ایسی فصلیں کھڑی کی جاتی ہیں کہ سچ نظر نہیں آتا، اُنہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے صوبائی دارلحکومت پشاور کے مسائل حل نہیں کئے تو باقی خیبر پختونخوا کا اللہ ہی حافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ اور شہد کی نہریں بہانے والوں نے غربت اور بے روزگاری کے سمندر میں سب کو بہا دیا ہے نیا پاکستان اور تبدیلی کا نعرہ اپنے بیانیے کے ساتھ مر چکا ہے،بس دفنانا باقی ہے، اُنہوں نے کہا کہ کرک، چارسدہ، بنوں، مردان، صوابی، ہزارہ اور دیگر اضلاع مسائل کی جیتی جاگتی تصویر ہیں صرف نوشہرہ کو تمام صوبوں پر ترجیح دی گئی مگر وہاں بھی لوگ مہنگائی اور غربت کی وجہ سے رو رہے ہیں۔