وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا سرکاری ملازمین کیلئے تعمیر ہونیوالی فلیٹس کا دورہ

وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا سرکاری ملازمین کیلئے تعمیر ہونیوالی فلیٹس ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے حیات آباد فیز فائیو پشاور میں سرکاری ملازمین کے لئے بیس کنال کی اراضی پر تعمیر ہونے والے ہائی رائز فلیٹس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منصوبہ کے تحت تیار ہونے والے کثیرالمنزلہ فلیٹس کے مختلف حصوں پر ہونے والے تعمیراتی کام کے معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی پروانشل ہاوسنگ اتھارٹی عمران وزیر کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت سرکاری ملازمین کے لئے 140 فلیٹس تعمیر کئے جارہے ہیں، جس پر تعمیراتی کام کا زیادہ تر حصہ مکمل کیا جاچکا ہے اور باقی ماندہ کام جولائی تک مکمل کرلیا جائیگا۔ وزیر ہاوسنگ نے منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لینے کے بعد تعمیراتی کام پر اطیمنان کا اظہار کیا اور پی ایچ اے کی جانب سے منصوبے کو احسن طریقے سے آگے لے جانے پر ان کی کارکردگی کو سراہا۔ صوبائی وزیر نے حکام کو کم آمدن رکھنے والے طبقے کے لئے چھت کی سہولت ممکن بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت سستے گھروں کی تعمیر میں مالی وسائل کی فراہمی سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ میں سستے گھروں کی تعمیر پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیر اعظم کے ویڑن کے مطابق کم آمدن رکھنے والے افراد اور سرکاری ملازمین کے لئے سستے گھروں کی تعمیرہر صورت ممکن بنائے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر