اسٹین کے مشوروں پر عمل کرکے بولنگ میں بہتری محسوس کررہا ہوں، رومان ریئس

  اسٹین کے مشوروں پر عمل کرکے بولنگ میں بہتری محسوس کررہا ہوں، رومان ریئس

  



لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں ڈیل اسٹین کے ساتھ بولنگ کرانا اعزاز کی بات ہے،ڈیل اسٹین کے ساتھ بولنگ کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اسٹین جیسے لیجنڈ کے ساتھ بولنگ کرانے کا موقع مل رہا ہے۔اٹھائیس سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ یہی پاکستان سپر لیگ کی شان ہے اور مزہ بھی ہے کہ اس میں لیجنڈر پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملتا ہے۔رومان رئیس نے کہا کہ وہ شروع ہی سے ڈیل اسٹین کو فالو کرتے آرہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ پی ایس ایل میں جو موقع ملا ہے اس سے وہ پورا فائدہ اٹھائیں اور جتنا سیکھ سکتے ہیں سیکھیں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیل اسٹین پی ایس ایل میں ہوں اور ان سے ٹپس نہ لیں تو یہ نا انصافی ہو گی۔جب رومان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ڈیل اسٹین سے کیا ٹپس حاصل کیں تو نوجوان فاسٹ بولر نے بتایا کہ انہوں نے جنوبی افریقی فاسٹ بولر سے لائن لینتھ اور سوئنگ کے حوالے سے پوچھا اور افریقی پیسر نے بتایا کہ کلائی کی پوزیشن کیا ہونی چاہیے، بطور بولر ٹارگیٹ کیا ہونا چاہیے۔رومان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈیل اسٹین کے مشورے پر عمل کیا اور محسوس ہوا کہ ان کی سوئنگ میں بہتری آئی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی