پی ایس ایل، دوسرا تکنیکی بلنڈر، نو بال چیک کرنے کیلئے غلط ری پلے چلا دیئے گئے

    پی ایس ایل، دوسرا تکنیکی بلنڈر، نو بال چیک کرنے کیلئے غلط ری پلے چلا دیئے ...

  



راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ میں بین کٹنگ کے آوٹ پر نو بال چیک کرنے کے لیے اسٹمپ کیمرے کا غلط ری پلے چلا دیا گیا۔پی ایس ایل میچ کے دوران اس بلنڈر پر سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ کی ٹیم پشاور کے خلاف پندرہ اوور میں 171 رن کے ہدف کا تعاقب کر رہی تھی، ایسے میں بین کٹنگ فتح کے لیے ایک روشن امید تھے لیکن اننگز کے گیارہویں اوور کی چوتھی گیند پر وہ مڈ وکٹ پر لیونگ اسٹون کے ہاتھ کیچ آوٹ ہوئے مگر امپائر نے وہاب ریاض کی نوبال چیک کرنے کے لیے ایکشن ری پلے کا سہارا لیا۔اس دوران مختلف اینگلز کو بار بار دیکھ کر فیصلہ کیا گیا کہ وہاب ریاض کی گیند نو بال نہیں تھی لیکن غور کرنے پر معلوم ہوا کہ اسکرین پر چلنے والے ری پلے ہی غلط تھے۔سائیڈ کیمرے سے جب دیکھا گیا تو یوں لگا کہ شاید نو بال ہو سکتی ہے، شک کو دور کرنے کے لیے اسٹمپ والے کیمرے کا ری پلے دیکھا تو محسوس ہوا کہ شاید بالر کا پیر لائن کے اندر ہے۔ ایسا کیوں لگا؟ کیوں کہ دونوں الگ الگ گیند کے شاٹس تھے۔جب سائیڈ کیمرے کا ری پلے دیکھا گیا تو وہ وہی تھا جس گیند پر بین کٹنگ آوٹ ہوئے تھے اور محمد نواز نان اسٹرائیکر اینڈ پر تھے لیکن اسٹیمپ کیمرے کے چلائے جانے والے ری پلے پر نان اسٹرائیکر پر بین کٹنگ ہی نظر آئے، اگر شاٹ بھی انہوں نے ہی مارا تو وہ خود نان اسٹرائیکر اینڈ پر کیسے ہو سکتے ہیں۔

؟دونوں اینگلز میں نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بیٹسمین نے جو بیٹ تھامے تھے ان پر اسٹیکرز بھی مختلف تھے۔اس کے علاوہ نظر آنے والے کھلاڑیوں میں سے ایک پوری آستین کی قیمص پہنے ہوئے ہے جب کہ دوسرا آدھی آستین کی شرٹ میں ملبوس ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی