سی سی پی او،کمشنر لاہورکا دربار بی بی پاکدامن کا دورہ
لاہور(کر ائم رپو رٹر)سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید اورکمشنر لاہور سیف انجم نے دربار بی بی پاکدامن کا دورہ کرکے مجوزہ توسیعی منصوبے کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید، ڈپٹی کمشنر دانش افضال اور محکمہ اوقاف کے افسر بھی موجود تھے۔ محکمہ اوقاف کے افسروں نے عدالتی کمیشن کے فیصلے کے تحت توسیعی منصوبے پر بریفنگ دی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسروں نے دربار کے ساتھ ملحقہ اوقاف کی زمین کا معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پر محکمہ اوقاف کے آفس میں ہونے والے اجلاس میں سی سی پی او اور کمشنر لاہور نے تمام مکاتب فکر کے علما کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔ کمشنر سیف انجم نے کہا کہ گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے دربار کی توسیع کا منصوبہ مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔ پہلے فیز ون اور پھر فیز ٹو مکمل کرنے کا جائزہ لیں گے۔ اس مقصد کے لئے محکمہ اوقاف کی ملکیت اراضی کو بروئے کار لایا جائے گا۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید نے تجویز دی کہ ملحقہ علاقے کے عمائدین کا مشترکہ اجلاس بلا کر حتمی فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین تعمیرات اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی رائے کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔