سی سی پی او،کمشنرلاہورسے جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات

سی سی پی او،کمشنرلاہورسے جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات

  



 لاہور(کر ائم رپو رٹر)سی سی پی او ذوالفقار حمید اور کمشنرلاہورسے جماعت اسلامی لاہور کے وفد نے ملاقات کر کے عالمی یوم خواتین پرتکریم نسواں واک کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید اور ڈپٹی کمشنر دانش افضال بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت ضلعی امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کی۔ جماعت اسلامی کی خواتین کی واک 8 مارچ کو ناصر باغ کے قریب ہوگی۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ واک کی شرکا کی پارکنگ ناصر باغ سے دور رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تکریم نسواں واک کے دوران ٹریفک ایک جانب سے کھلی رہے گی۔ پی ایس ایل میچ کی وجہ سے واک میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ واک کے شرکا مقررہ وقت پر اپنا پروگرام مکمل کر لیں۔ کمشنر سیف انجم اور ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے واک کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر نے ایس پی سکیورٹی اور ایس پی سول لائنز کو ہدایت کی کہ وہ جماعت اسلامی کے وفد کے ساتھ مجوزہ پارکنگ کا معائنہ کریِں تاکہ واک کے روز کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچا جاسکے۔ وفد نے یقین دلایا کی واک کے انعقاد کے لئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔

مزید : علاقائی