خیبر پختونخوا میں اب تک کوروناوائرس کا کوئی کیس نہیں آیا، اجمل خان وزیر

خیبر پختونخوا میں اب تک کوروناوائرس کا کوئی کیس نہیں آیا، اجمل خان وزیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا میں ابھی تک کورونا وائرس کا کوئی کنفرم کیس سامنے نہیں آیا، وزیراعلی خود کورونا وائرس کے سدباب کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو مانیٹر کررہے ہیں، ڈونر ایجنسیز کو ضم شدہ اضلاع میں بھی صحت کی خدمات کی بروقت فراہمی کو سہل بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، گومل یونیورسٹی طلبا حراسگی میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملے گی، ان خیالات کا اظہار مشیراطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے جامعہ پشاور کے پشتون کلچرل ہال میں تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے منعقدہ سپلائی چین مینجمنٹ کورس کی اختتامی تقریب میں وہ بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔ تقریب کے دیگر شرکا ء میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر شبینہ، ڈائریکٹر آئی ایم سٹڈی ضیا عبید، ڈاکٹر صاحب گل اور جامعہ پشاور کے دیگر اعلٰی حکام بھی شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے پاکستان کے باقی صوبوں سمیت صوبہ خیبر پختونخوا میں عوام کی صحت بہتر بنانے کے لیے مختلف پروگرامز شروع کرنے پر نں یوٹریشن انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ادارے سپلائی چین مینجمنٹ کو مزید مضبوط و فعال بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔ سابقہ فاٹا بارے اظہار خیال کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈونر ایجنسیز کو ضم شدہ اضلاع میں بھی صحت کی خدمات کی بروقت فراہمی کو سہل بنانے میں اپنا کردار ادا کرکیسسٹینیبل ڈویلپمنٹ گولز کے تحت ماں اور بچے کی صحت محفوظ بنانے میں حکومت کیساتھ تعاون کو مزید مستحکم کریں۔ ملک میں کورونا وائرس کے لاحق خطرات بارے اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی محمود خان خود کورونا وائرس کے سدباب کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو مانیٹر کررہے ہیں اور الحمد اللہ خیبرپختونخوا میں ابھی تک کوئی کنفرم کیس سامنے نہیں آیا اور یہ کہ عوام پْراعتماد رہیں، اس بیماری سے اٹھانویں فیصد ریکوری ممکن ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ داخلی سات بارڈرز پر کورونا سے متاثرہ افراد کی شناخت کی غرض سے سکینرز و دیگر آلات نصب کئے گئے ہیں۔اجمل خان وزیر نے کورونا وائرس کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر حکومتی اقدامات سے متعلق کہا کہ پشاور میں پولیس سروسز ہستال جبکہ دیگر اضلاع کے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ہیں جہاں ممکنہ طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کیا جائے گا۔ گومل یونیورسٹی کے حالیہ بحران سے متعلق مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے کی بڑی یونیورسٹی میں بدقسمتی سے جو ہوا، اس کے تحقیقات کیلئے گورنر نے کمیٹی بنائی ہے اور جہاں جہاں بھی مسائل ہیں ان کو حل کیا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو لوگ طلبا حراسگی میں ملوث ہے، ان کو قرار واقعی سزا ملے گی۔ عورت مارچ بارے صحافی کے سوال پر مشیر اطلاعات نے موقف اپنایا کہ مارچ ہر کسی کا آئینی و جمہوری حق ہے، اوراسلامی جہوری پاکستان میں سب کچھ قرآن و سنت کے مطابق ہوگا۔ نیوٹریشن انٹرنیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر شبینہ نے تقریب کے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیوٹریشن انٹرنیشنل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر ان کے اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ان کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے سو اہلکاروں نے سپلائی چین مینجمنٹ کی خصوصی تربیت مکمل کرلی ہے۔نیوٹریشن انٹرنیشنل نے رائٹ سٹارٹ پروگرام کے تحت یو ایس ایڈ کے توسط سے فراہم کی ہے۔ڈاکٹر شبینہ رضا نے بتایا کہ رائٹ سٹارٹ اقدام کے تحت مردان، صوابی اور نوشہرہ میں 275,000 حاملہ خواتین کو فولاد کی سپلیمنٹس اور 298,000 نومولود بچوں کو عالمی ادارہ صحت کے مقررہ معیار کے مطابق پیدائشی پیکج دیا جائے گا

مزید :

صفحہ اول -