خواتین مارچ کے معاملے پر پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کا موقف بھی آگیا
کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ خواتین مارچ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ واضح ہے، تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے خواتین کو مارچ کرنا چاہئے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو کسی مقام پر آنے کے لیے بہت کوشش کرنی پڑتی ہے، عورت جدوجہد کے ذریعے ہی اس مقام تک پہنچی ہے۔
شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ حکومت خواتین کے لیے پروگرام شروع کررہی ہے تو سراہتے ہیں، تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے مارچ ہونا چاہئے، خواتین کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی رابطوں کا سو فیصد فائدہ ایم کیو ایم پاکستان کو ہوگا، پیپلزپارٹی دور میں روٹی کھانے کو ملتی تھی، اب تو سبزی بھی نہیں مل رہی ہے۔
شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ ن لیگ ایم کیو ایم کو اپنے قریب کرنے کی کوشش کررہی ہے، بلدیاتی الیکشن قریب ہیں سیاست میں جوڑ توڑ چلتا رہتا ہے، ایم کیو ایم کے پاس ہمیشہ سے اتنی سیٹیں ہوتی ہیں وہ بارگین کرلیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں زیادہ نشستوں کے لیے مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان جوڑ توڑ چل رہا ہے۔