کورونا وائرس، عمرہ زائرین پر پابندی کے بعد سعودی عرب نے ایک اور پابندی عائد کردی
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے سعودی عرب نے بھی زمینی راستوں سے غیرملکیوں کی آمد پر پابندی لگا دی۔ عرب نیوز کے مطابق اس پابندی کے بعد متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین سے لوگ زمینی راستے سے سعودی عرب میں داخل نہیں ہو پائیں گے۔ زمینی راستوں سے صرف کمرشل ٹرکوں کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہو گی۔
سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان ٹرکوں میں موجود لوگوں کو بھی انسپکشن کے بعد ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کے شہری فضائی راستے سے سعودی عرب آ سکیں گے اور مخصوص ایئرپورٹس کے راستے ملک میں داخل ہو سکیں گے۔ ان ایئرپورٹس میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض، شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ اور شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام شامل ہیں، ان ایئرپورٹس پر وزارت صحت ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد کورونا وائرس کو ملک میں داخل ہونے سے روکنا ہے۔ “