لاہور قلندرز کے سمت پٹیل کی تباہ کن باﺅلنگ، شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے آل راﺅنڈر سمت پٹیل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے رواں سیزن میں سب سے بہترین باﺅلنگ فگرز حاصل کر لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے باﺅلرز نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو صرف 98 رنز تک محدود کر دیا۔ سمت پٹیل نے انتہائی عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 5 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور رواں سیزن میں بہترین باﺅلنگ فگرز میں سب سے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ملتان سلطانز کے سہیل تنویر ہیں جنہوں نے پشاور زلمی کیخلاف 13 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور تیسرے نمبر پر لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی ہیں جنہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
بہترین باﺅلنگ فگرز کی فہرست میں چوتھی پوزیشن بھی لاہور قلندرز کے دلبر حسین کے پاس ہے جنہوں نے پشاور زلمی کیخلاف 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ پانچویں نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین ہیں جنہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف 25 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا تھا۔