لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیوں کیا اور میچ سے پہلے کیا بات ہوئی تھی؟ میچ جیتتے ہی سہیل اختر نے حیران کن انکشاف کر دیا

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیوں کیا اور میچ سے پہلے کیا بات ...
لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیوں کیا اور میچ سے پہلے کیا بات ہوئی تھی؟ میچ جیتتے ہی سہیل اختر نے حیران کن انکشاف کر دیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو عبرتناک شکست سے دوچار کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی کی کارکردگی کو بھلا کر ایک نئے مائنڈ سیٹ کیساتھ میدان میں اترے تھے جبکہ وکٹ کی صورتحال کو دیکھ ہی پہلے باﺅلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اہم میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سہیل اختر نے کہا کہ میچ سے قبل ہماری یہ بات ہوئی تھی کہ ماضی میں جو کچھ بھی ہوا وہ بھول جائیں اور ایک نئے مائنڈ سیٹ کیساتھ میدان میں اتریں، سمت پٹیل کو بہت زیادہ کریڈٹ جاتا ہے جس نے شاندار سپیل کیا اور ہم بھی توقع کر رہے تھے کہ وہ اپنے تجربے کو استعمال میں لاتے ہوئے ایسی کارکردگی دکھائیں۔

سہیل اختر کا کہنا تھا کہ بیٹنگ میں محمد حفیظ اور بین ڈنک نے زبردست کارکردگی دکھائی، ہم نے آج ٹاس سے پہلے وکٹ کو دیکھا تھا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ کی صورتحال بھی ذہن میں تھی کیونکہ اس روز بھی بال کافی گرپ ہو رہا تھا، آج بھی وکٹ میں نمی تھی اس لئے ایک باﺅلر ایکسٹرا کھلایا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی جیت سے بہت اعتماد ملتا ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ ٹیم کے تمام تجربہ کار کھلاڑی ذمہ داری لے رہے ہیں، امید کرتے ہیں کہ آئندہ میچز میں بھی کامیابی حاصل کریں گے کیونکہ ہمارے لئے اب تمام میچز ہی ’مارو یا مر جاﺅ‘ والی حیثیت رکھتے ہیں، اس لئے مثبت کرکٹ کھیلیں گے۔

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update