اسلام آباد ’عورت مارچ‘میں سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے،جماعت اسلامی نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد ’عورت مارچ‘میں سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے،جماعت اسلامی نے ...
اسلام آباد ’عورت مارچ‘میں سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے،جماعت اسلامی نے بڑا اعلان کر دیا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کےسیکرٹری اطلاعات قیصرشریف نےکہاہےکہ زینب اور نور جیسےواقعات ایک مسلم معاشرےکےلیے بدنماداغ ہیں،ہم اپنےمعاشرے کو بچیوں کےلیےمحفوظ بنانا چاہتے ہیں تو ایسے مجرموں کو فوری اور عبرت ناک سزائیں دی جائیں،8مارچ عالمی یوم خواتین کے موقع پرملک گیرسطح  پرخواتین کے حقوق کےلیےمارچ،واک اورسیمینارزکااہتمام کیاجائےگا ،سینیٹر  سراج الحق  اسلام آباد جبکہ جنرل  سیکرٹری امیر العظیم  لاہور میں ’’تکریم نسواں واک‘‘ سے خطاب  کریں گے۔

لاہور میں  میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری  اطلاعات  جماعت  اسلامی  پاکستان قیصر شریف کا کہنا تھا کہ جماعت  اسلامی شعبہ خواتین نے یکم مارچ  سے 8 مارچ تک ”قوموں کی عزت ہم سےہے“کےعنوان پرمہم چلائی جارہی ہے،عورت  کےحقوق کااصل محافظ اسلام ہےجس نےمعاشرے میں عورت کوتحفظ فراہم کیا،عورت  اورمرد کی تفریق کے  نام  پر معاشرے کوتقسیم کرنےوالےغیرملکی ایجنڈے  کو آگے  بڑھا  رہے  ہیں،جماعت  اسلامی ملک میں کسی غیر ملکی   ایجنڈے کی تکمیل میں سب سے بڑی رکاوٹ  ہو  گی ۔انہوں نے کہا کہ عورتوں کے حقوق کے نام  پر  معاشرے میں  بے  حیائی اورفحاشی  و عریانی کو  فروغ دینے کا ایجنڈہ چند  مغربی  فنڈڈ  این جی اوز کا مشن ہے،ملک کی 98فیصد  خواتین مغرب  کی پروردہ  عورتوں کے  ایجنڈے  کو  مسترد  کر چکی ہیں ،یہی وجہ ہے کہ ملکی اکثریت ’’میرا جسم  میری مرضی‘‘  جیسے  نعرے سے  بیزاری کا  اظہار  کر رہی ہے۔قیصر شریف نے  کہا کہ جماعت اسلامی  شعبہ خواتین ایک عشرہ  سے  عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں ”قوموں کی عزت ہم سے ہے‘کےعنوان پرملک  گیرسطح پرمہم چلارہی ہے اور اس  سلسلہ میں پورے  ملک میں سیمینارز، کانفرنسیں اوردیگر تقریبات کا انعقاد کر رہی ہے،اسلام آباد میں سینیٹر سراج الحق اور  لاہور میں امیر العظیم خواتین مارچ  سے خطاب کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پرجماعت اسلامی اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ایک ماڈل نظام کے ذریعے اس دن کو مسلمان عورت کی شان و شوکت کا دن بنائیں گے اور ان شاللہ اس حوالے سے ملک گیر سطح پر بھر پور آگہی مہم ”قوموں کی عزت ہم سے ہے “ کے عنوان سے 20 مارچ تک مہم چلائی جائے گی،مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سوشل میڈیا سمیت رائے عامہ کے رہنماوں کے ساتھ مشاورت اور اشتراک سے مختلف سرگرمیوں،رابطوں،پروگرامز اور تبادلہ خیال کی نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ مہم کے دوران خواتین کے حقوق و فرائض سے متعلق آگاہی کے ساتھ ان کے حصول اور ادائیگی کے لیئے درست طریقہ کار اور لائحہ عمل کے لیے بھر پور رہنمائی فراہم کرتے ہوئے معاشرے میں اصلاح احوال کے لیئے تحریک منظم کی جائے گی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور