جنوبی کوریا میں کورونا سے متعلق احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت قانون بنا نے تیاری
کوریا (رضا شاہ) جنوبی کوریا کے صحت کے حکام ان لوگوں کو زیادہ سخت سزائیں دینے کا قانون بنانے کی تیاری کر رہے ہیں جو کورونا وائرس سے متعلق تحقیقات میں رکاوٹ ڈالتے ہیں یا قرنطینہ اقدامات کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔قانون میں ترمیم کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کو زیادہ عرصے تک جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔ ایسے لوگ جو جان بوجھ کر وبائی امراض کی تفتیش میں خلل ڈالیں گے انہیں تین سال تک قید یا 27 ہزار امریکی ڈالر تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔وزارت صحت ان لوگوں سے معاوضے کا دعویٰ بھی کر سکے گی جو جان بوجھ کر وائرس پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔جو لوگ جلد ویکسین حاصل کرنے کیلئے کسی بھی طرح کے دھوکے سے کام لیں گے ان پر 18 سو ڈالر تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ امید ہے کہ یہ قوانین اگلے ہفتے سے لاگو کر دئیے جائیں گے۔