شیخ رشید کی مریم اورنگزیب کیساتھ پیش آنیوالے واقعے کی مذمت لیکن درخواست آئی تو کارروائی کریں گے یا نہیں؟ کھل کر بتادیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مریم اورنگزیب کے ساتھ پیش آنیوالے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدتمیزی سے متعلق شکایت کی گئی تو وہ کارروائی کریں گے۔وہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کررہے تھے ۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر حملے کی مذمت کرنی چاہیے تاہم وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل بولے کہ سب کو پتہ تھا کہ ڈی چوک میں کارکنان موجود ہیں، ن لیگ والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان لینے کیا گئے تھے؟ شہباز گل نے کہا کہ ن لیگ والوں نے پہلے پی ٹی آئی کارکنوں کو دھکے دیے اور پھر بعد میں یہ سب کچھ ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز (ن) لیگ کے رہنماؤں کی میڈیا ٹاک کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا تھا جس کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی تھی اور اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مریم اورنگزیب کو دھکے دیے گئے جب کہ احسن اقبال کے سر پر جوتا بھی پھینکا گیا تھا۔